تازہ ترین

جمعرات، 26 مارچ، 2020

جمعہ وجماعات پر پابندی کا عام اعلان اسلامی مزاج کے خلاف:قاری محمد طیب قاسمی

آنند نگر مہراج گنج(یواین اے نیوز 26مارچ2020)تمام دینی بھائیوں سے گذار ش ہے کہ کرونا نے ایک وبا کی شکل میں حملہ کردیا ہے، مگر ہم دیکھتے ہیں کہ مسلمان عام طور پر اس بیماری سے دہشت کا شکار ہے، حتیٰ کہ علماءدین بھی اتنے خوف زدہ ہیں کہ اس خوف سے چھپنے کے لئے احادیث اور آیات قرآنیہ کی تاویلات تک فرمارہے ہیں ، کھینچ تان کر ہر ہر ایمانی کمزوری کو قرآن وحدیث کے حوالوں سے مزین کرکے ، تائیدی شکل پیدا فرما رہے ہیں، یہ وہ لوگ کررہے ہیں جو ایمان رکھتے ہیں، کہ سب کچھ اللہ سے ہوتا ہے، مخلوق سے کچھ نہیں ہوتا۔یقینا آپ اپنے عقیدہ واعتقاد میں اس لئے کمزور ہوگئے ،کہ سرکاری پروپیکنڈہ آپ کی پس پشت لگا ہوا ہے، ورنہ کیا وجہ ہے کہ جن دنوں آپ جمعہ اور جماعات پر پابندی کرتے ہیں حکومت اور سرکار انہیں دنوں اپنے اجلا س جاری رکھتی ہے، اور اپنی پوجا ارچنا کی تقریب بھی زور وشور سے کرتی ہے۔ 

مفتیان کرام اور علماءعظام نے نمازیوں کو احتیاط کا فرمان جاری کرنے نیز مساجد کی نفاست اور وائرس سے صاف ستھرا کرنے کے عام اعلان کے بجائے، سیدھا نماز اور اذانوں پر پابندی کا اعلان کیا، افسوس !یاد رکھئے اسلامی تاریخ میں مقامات مقدسہ میں دفعتاًعبادات تو رکی ہیں، مگر اعلان کے ساتھ کبھی نہیں روکی گئیں ہیں، ہائے افسوس! علماءومحدثین کے ذہنوں پر فسطائیت وقنوطیت کا رنگ چڑھ گیا ہے، جو اس قسم کے غیر اسلامی اعلانات کرنے میں جلد بازی سے کام لے رہے ہیں ۔ ایک طرف موحدین کا ایمان ہے، اور دوسری طرف ۵۶۳ کروڑ دیوتاوں پر یقین کرنے والوں کا ایمان ہے، جو انہیں دنوں اپنے ایک بڑے دیوتا کے پوجا پروگرام میں شرکت کررہے ہیں اور اپنے بھگت ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں۔
اس لئے اپنے اسلامی بھائیوں سے گذارش کروں گا کہ اپنے طور پر شخصی انداز میں احتیاط کریں، مساجد کی صاف صفائی کا خیال کرتے ہوئے ، کم سے کم وقت میں جمعہ اور جماعات کی ادائیگی فرمائیں، اور انہیں اوقات میں عافیت بخشنے والے اس اللہ کو راضی کریں ، جس کے قبضے میں سب کچھ ہے ، امید ہے کہ وہ آپ کو ، ہم سب کو ، ضائع نہیں کرے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad