تازہ ترین

جمعہ، 27 مارچ، 2020

مسلمان گھروں پر ہی نمازادا کریں : مولانا سید ارشد مدنی

دیوبند۔۲۶؍ مارچ(ایس۔ چودھری)موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اور کورونا وائرس کو ہرانے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈائون ہے اور حکومت انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈائون سختی سے نفاذ کرانے کی اپیل کی جارہی ہے اِسے کے مدنظر جمعیۃ علماء ہندکے قومی صدر اور دارالعلوم کے سینئر استاذ مولانا ارشد مدنی نے مسلمانوں سے جمعہ کی نماز اپنے گھروں میں ادا کرنے اور اگر جماعت نہ ہوسکے تو گھر پر ہی ظہر کی نماز پڑھنے کی اپیل کی ہے۔ آج اپنے رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ یہ مرض پوری دنیا کے لئے آفت بن چکاہے اس کی روک تھام بے حد ضروری ہے لوگوں کے جمع ہونے سے اس کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتاہے، اس لئے بہتر یہی ہے کہ کچھ روز کے لئے مسلمان مساجد میں بھی جمع ہونے سے پرہیز کریںلیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مساجد کو بند کردیا جائے مولانا نے کہا کہ مساجد میں آذان بھی دی جائے اور جماعت بھی ہو لیکن اس جماعت میں صرف امام اور مؤذن کے علاوہ ایک دو مسجد کے خاد م شامل ہوں۔

 باقی سب لوگ اپنے گھروں گھروں میں نماز ادا کریں پانچوں نمازوں کے ساتھ ساتھ جمعہ کی نماز کے لئے بھی یہی حکم ہے، انہوں نے کہا دارالعلوم کا فتوی بھی یہی کہتاہے، مولانا نے صاف الفاظ میں کہا کہ اگر مسلمان حکومت اور انتظامیہ کے احکامات پر عمل نہیں کرے گا اورضد کرے گا اور وہ نماز مساجد میں ہی پڑھے گا تو ایسی صورت میں مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے انتظامیہ مساجد میں تالے بھی لگاسکتی ہے پھر نہ آذان ہوپائے گی اور نہ ہی جماعت جو ہماری بہت بڑی غلطی ہوگی، مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ جب پورا ملک لاک ڈائون ہے تو ہمیں بھی اس مرض کے خاتمے تک مسجدوں میں جانے سے احتیاط برتنی چاہئے۔ انشا ء اللہ جب بیماری دور ہوجائے گی تو پھر باقاعدہ مسجدوںمیں جماعتیں ہوںگی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad