تازہ ترین

جمعہ، 6 مارچ، 2020

جمعیۃ علماء ہند کی نگرانی میں فساد زدہ علاقوں میں جمعہ کی نماز کا قیام

شیووہار میں جمعیۃ کی ٹیم مسلسل خیمہ زن، ریلیف کمیٹی کے دفتر کا قیام ، شیووہار کی مدینہ مسجد اور اولیاء مسجد سمیت متعدد مساجد میں نماز ادا کی گئی ۔شیووہار کے لیے جمعیۃ علماء ہندنے تعمیری کمیٹی تشکیل دی۔

نئی دہلی(یواین اے نیوز6مارچ2020)جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیادت میں دہلی فساد زدہ علاقوں میں 25 فروری سے مسلسل کام کرنے والی جمعیۃ کی ریلیف کمیٹی نہ صرف مظلوموں کی ہر ممکن مدد کررہی ہے بلکہ امن امان کی بحالی کے لیے بھی کوشاں ہے ، شیووہار میں جمعیۃ نے باضـابطہ ریلیف کمیٹی کا دفتر بھی قائم کیا ہے اور اس کی ٹیم وہاں مسلسل خیمہ زن ہے۔ گزشتہ شام جمعیۃ ریلیف کمیٹی کے دفترمیں مقامی لوگو ں سے کراول نگر کے ایس ایچ او کی میٹنگ کرائی گئی جس میں امن و امان کی بحالی پر اتفاق ہوااور اس کے بعد جمعیۃ کے وفد نے صبح لوگوں سے کہا کہ وہ مدینہ مسجد اور اولیاء مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کریں۔

آج ان دونوں مساجد میں پرامن طریقے سے نماز پڑھی گئی ۔ اس موقع پر مدینہ مسجد میں جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی، مولانا غیو ر قاسمی اور اولیاء مسجد میں مولانا جمال قاسمی کا خطاب بھی ہوا ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں لوگوں سے کہا کہ یہ وطن ہمارا ہے اور یہاں سے ہمیں کوئی نہیں ہٹا سکتا ۔انھوں نے کہا کہ اپنے دل سے خوف کو نکال دیں اور اپنے گھروں کو آباد کریں ۔

واضح ہو کہ جمعیۃ نے شیو وہار میں بھی ایک ریلیف کمیٹی کا دفتر قائم کیا ہے ، جس کا ایڈریس فیس نمبر ۷، گلی نمبر ۱۲، نزد مدینہ مسجد ہے ۔اس دفتر میں تاحال جمعیۃ علماء آسام کے صدرمولانا بدرالدین اجمل ، مولانا صدیق اللہ چودھری ، مولانا شبیر احمد ندوی ،جمعیۃ علماء تامل ناڈو کے ناظم اعلی مولانا خطیب احمد سعید وغیرہ آچکے ہیں۔ جمعیۃ کے اس قدم سے لوگوں میں اعتماد کی بحالی کے آــثار اس وقت نظر آئے جب جمعہ کے بعد لوگوں نے اپنے گھر واپس آنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔جمعیۃ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان کی ہرممکن مددکرے گی ، شیووہار میں جمعیۃ نے ایک تعمیری کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ملاجی لیاقت، حاجی عبدالجبار ، صابر انصاری ،دائود بھائی ، محبوب، شہزاد شاہ، محمد عارف، مکیل، پپو، حاجی جاوید، حاجی عبدالجبار، شمشیر اور جمیل شامل ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad