تازہ ترین

اتوار، 10 مئی، 2020

دیوبند ومضافات میں آندھی طوفان کے ساتھ زبردست بارش کالی گھٹاسے دن میں رات کا منظر، تیز ہوائوں اور بارش سے موسم خوشگوار، باغات مالکان اور کسانوں کی فکر میں اضافہ

دیوبند:ایس۔چودھری(یواین اے نیوز10مئی2020)مغربی یوپی میں اتوار کے روز اچانک موسم کے بدلے مزاج نے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔آج  سورج نکلنے کے وقت اچانک آسمان میں کالی گھٹائیں گھر آئیں اور دن میں ہی رات جیسا نظارہ ہوگیا۔ اس کے بعد تیز ہوائیں چلیں اور گھورگرج کے ساتھ زبردست بارش ہوئی، جس کی وجہ سے موسم تو خوشگوار ہوگیا لیکن باغات کے مالک اور کسانوں کے چہروں پر گہری فکر مندی طاری ہوگئی۔ تفصیل کے مطابق اتوار کے روز صبح 10بجے کے قریب اچانک آسمان میں زبردست کالی گھٹائیں چھاگئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے دن کا اجالا رات کے اندھیرے میں تبدیل ہوگیا۔ دن میں ہی رات کانظارہ دیکھ کر لوگوں میں بے چینی پیداہوگئی، بعدازاں آسمانی بجلی کی کڑک اور زبردست گھن گرج کے ساتھ کافی دیر تک تیز بارش ہوئی، جس کے بعد مئی کے مہینہ میں فروری ماہ میں ہونے والی ٹھنڈ کا احساس ہونے لگا۔ 

تروینی شوگر فیکٹری کی موسم کاحال بتانے والی لیب میں بارش 28.45ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ موسم بتانے والی لیب کے انچارج سبھاش ورما نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ رہنے والا 37ڈگری درجہ حرارت گھٹ کر 30ڈگری پر آگیا۔ اِسی طرح کم سے کم درجۂ حرارت 22سے گھٹ کر 18ڈگری سیلسیس پر آگیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو دنوں میں بھی بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ وہیں دوسری جانب بغیر موسم کے ہونے والی بارش سے کسانوں کے چہروں پر فکرمندی کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں، کیونکہ تیز بارش کی وجہ سے جہاں کھیتوں میں کٹی ہوئی گیہوں کی فصل برباد ہوگئی ہے وہیں آم کی فصل کو بھی زبردست نقصان پہنچاہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اس سال آندھیوں کے چلنے اور غیر موسم میں بارشوں کے ہونے سے گیہوں ، سرسوں، چنا، سبزی اور باغات کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچاہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اعلان کے باوجود انتظامیہ اب تک برباد ہونے والی فصلوں کا سروے بھی نہیں کرایا ہے، جس کے باعث متأثرہ کسان معاوضہ ملنے سے محروم رہ جائیں گے،تیز بارش اور آندھی کے چلنے کی وجہ سے شہر اور آس پاس کے دیہی علاقوں کی بجلی بھی بندہوگئی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad