تازہ ترین

جمعہ، 22 مئی، 2020

لاہور سے کراچی جانے والا پی آئی اے کا طیارہ گر کر تباہ ۔100 کے قریب افراد کی ہلاکت کا خدشہ

پاکستان(یواین اے نیوز22مئی2020)لاہور سے کراچی جانے والا پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز ( پی آئی اے ) کا طیارہ گر کر تباہ۔ طیارہ ماڈل کالونی کے پاس گرنے کی اطلاعات آئی ہیں۔لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 سے متعلق سول ایوی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے کی پرواز کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کا ائیرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی اور لینڈنگ سے پہلے اس کے پہیے نہیں کھل رہے تھے، جس پر پرواز کو راؤنڈ اپ کا کہا گیا لیکن اس دوران جہاز گر گیا۔ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 90 سے زائد مسافرسوار تھے، 

جن میں 85 مسافر اکانومی کلاس میں، 6 بزنس کلاس جب کہ دیگر عملے کے ارکان تھے۔ طیارہ ماڈل کالونی اور ملیر کینٹ کے قریب جناح گارڈن کے پاس آبادی پر گرا ہے۔طیارہ گرنے سے قبل قریب موجود رہائشی عمارتوں کی چھتوں سے ٹکرایا جس سے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے،  گھروں کی چھتوں پر بھی آگ لگ گئی جب کہ طیارہ گرنے کے بعد علاقے میں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ریسکیو کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی کوئیک ری ایکشن فورس اور پاکستان رینجرز سندھ کے جوان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امداد اور بچاؤ کی کوششوں کے لئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
 ائیر پورٹ کے قریب لاہور سے آنے والا پی آئی اے کا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad