تازہ ترین

جمعرات، 14 مئی، 2020

قرآن میں ہو غوطہ زن اے مرد مسلمان

 از:محمدضیاءالحق ندوی 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قرآن کریم اللہ جل جلالہ وعم نوالہ کی وہ آخری اور مستندترین کتاب ہے جسے انسانیت کےرشدو ہدایت کےلئے امام الأنبیاء والرسل خاتم النبیین محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم پرنازل کی گئ ، جس کی حفاظت کی ذمہ داری خوداللہ تعالی نے لی ہے،ارشادباری ہے"ہم نےہی اس قرآن کو نازل فرمایاہےاورہم ہی اس کے محافظ ہیں" (سورة حجر ٩)یہ مقدس کتاب امت مسلمہ کی روح اورتڑپتے دل کی فریادنیزسسکتی روح کا علاج ہے،جہاں اس مقدس کتاب نے درندہ صفت انسانیت کو جھنجھوڑ کر ایک حیات آفریں پیغام دیا وہیں اس سے منھ پھیرنےوالےاوراس میں تحریف کرنےوالےخائب وخاسر ہوئے، چنانچہ ارشاد باری ہے،ترجمہ "جنہیں ہم نے کتاب دی اوروہ اسے پڑھنےکے حق کےساتھ پڑھتےہیں، وہ اس کتاب پر بھی ایمان رکھتے ہیں اور جواس کےساتھ کفر کرےوہ نقصان والا ہے" ( سورہ بقرہ. ١٢١)اور حدیث شریف میں حضرت عمربن خطاب رضی اللہ عنہ سےمروی ہےکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا "اللہ تعالی اس کتاب کی وجہ سے بہت سےلوگوں کوسرفراز فرمائےگا اوراس کی وجہ سے دوسروں کوذلیل کرے گا، (مسلم) یہ مقدس کتاب اسی ماہ رمضان میں نازل ہوئی،اس اعتبار سے ماہ رمضان اورقرآن مجیدمیں گہراربط اورتعلق ہےاور اس مبارک مہینہ میں قرآن پاک کی تلاوت کرنےوالے گویااس تعلق کو  مستحکم کرتے ہیں،حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم اس بابرکت مہینہ میں قرآن کریم کی تلاوت فرماتے اورجبرئیل علیہ السلام کوسناتے چنانچہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہماسے مروی ہےکہ حضرت جبرئیل علیہ السلام رمضان کی ہررات آپ سےملاقات کرتے اور آپ انہیں قرآن سناتے" (صحیح بخاری) نیزحضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا" روزہ اورقرآن دست بستہ رب کائنات ، خدائےوحدہ لاشریک لہ کی بارگاہ میں شفاعت کریں گےاور عرض کريں گے

 یارب ذوالجلال! میں نےاس کودن میں کھانے،پینے، جماع اوردنیاکی تمام لذتوں سے لطف اندوز نہ ہونے دیا لہذاآپ میری سفارش قبول فرمائیے اور ان کی مغفرت فرمادیجئے اوررمضان میں کی گئ تلاوت اور پڑھی گئ تراویح یہ عرض کرےگی کہ میں نےان کوراتوں میں سونے سے روک دیا لہذاآپ میری شفاعت قبول فرمائیے اوران کی مغفرت فرمادیجیے چنانچہ اللہ تعالی دونوں کی شفاعت قبول فرماکر بندہ کی مغفرت فرمادیں گے.( مسنداحمد) قرآن کریم ایک ایسی کتاب ہے جس کی تلاوت اور ثواب کا اندازہ اس حدیث سے لگایاجاسکتاہے چنانچہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہمافرماتےہیں  "جس نےقرآن کریم کاایک حرف پڑھا اس کےلئےدس نیکیاں ہیں ،میں نہیں کہتاکہ" الم "ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف ہے اور لام ایک حرف ہے اورمیم ایک حرف ہے  (ترمذی ) یعنی صرف " الم " پر تیس نیکیاں ہیں،اس عظیم کتاب کی تلاوت انسان کےمردہ دلوں کوتازگی بخشتی ہے اوردل کوروشن اورتابناک کرتی ہے توآئیے ہم اپناجائزہ لیں کہ اس مبارک مہینہ میں ہم نے کس قدرتلاوت کرکے اپنے دلوں اورگھروں کوروشن کیا حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا "اپنے گھروں کوقبرستان نہ بناؤ،بےشک شیطان اس گھرسےبھاگ جاتاہے جس میں سورہ بقرہ کی تلاوت کی جاتی ہے،(مسلم ) خوش قسمت ہیں وہ جو اس مبارک مہینہ میں ہراچھےعمل کےساتھ ساتھ قرآن کریم کی تلاوت کرکےایمان کو تازہ کرریے ہیں قرآن کی تلاوت کرنایہ مومن کی صفت ہے،اللہ تعالی کا فرمان ہے،"بس ایمان والے تو ایسے ہوتے ہیں جب اللہ تعالی کاذکرآتاہے تو ان کےقلوب ڈرجاتے ہیں اور جب اللہ تعالی کی آیتیں ان کوپڑھ کرسنائی جاتی ہیں تو وہ آیتیں ان کے ایمان کواور زیادہ کردیتی ہیں اوروہ لوگ اپنےرب پرتوکل کرتے ہیں" (سورہ انفال 2)قارئین کرام! مذکورہ تمام باتوں سے تلاوت کی فضیلت اورثواب کااندازہ لگاسکتے ہیں،قرآن کریم کی تلاوت یقیناایک بہترین عبادت ہےاس لئے صحت ادااورحسن صوت اور تجویدکےساتھ تلاوت کااہتمام کرناچاہیے اوراس کے معانی ومفاہیم پرغور کرنا چاہیے علامہ اقبال رحمۃاللہ علیہ کہتے ہیں .

قرآن میں ہوغوطہ زن اےمردمسلماں
 اللہ کرےتجھ کوعطاجدت کردار
 اللہ سے دعاء ہیکہ اللہ ہم مسلمانوں کو قرآن مجید کو سمجھ کر تلاوت کرنے کی توفیق دے آمین

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad