تازہ ترین

اتوار، 10 مئی، 2020

سعودی عرب میں بہت جلد مساجد میں نماز پنجگانہ ادا کرنے کی ہوسکتی ہے اجازت۔ صفائی کا کام جاری

سعودی عرب(یواین اے نیوز10مئی2020)سعودی عرب میں اسلامی امور اور دعوت و ارشاد کی وزارت کے اعلان کے مطابق مملکت کے مختلف صوبوں میں جراثیم کش مواد کے ذریعے مساجد کی تطہیر کے منصوبے کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ یہ سلسلہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کا حصہ ہے۔

مذکورہ وزارت کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز (مؤرخہ 9 مئی) تک مجموعی طور پر 22119 مساجد کی تطہیر ہو چکی ہے۔ اس دوران دوسرے مرحلے میں 13395 مساجد میں تطہیر کا عمل انجام دیا گیا۔اس دوران 6697500 مربع میٹر قالین اور قرآن کریم کے مختلف حجم کے 26790000 نسخوں کی تطہیر عمل میں آئی۔ مذکورہ عمل میں قرآن کریم کی 669750 الماریاں اور رحلیں شامل تھے۔

ان کے علاوہ مساجد کے اندر 107160 بیت الخلا میں بھی جراثیم کش مواد کے ساتھ صفائی کی گئی۔تطہیر کے مذکورہ عمل میں 6061 کارکنان اور دیکھ بھال کے تکنیکی اہل کاروں نے حصہ لیا۔ اس دوران کام کو اعلی ترین معیار پر سر انجام دینے کو یقینی بنایا گیا۔وزارت اسلامی امور کے مطابق دیکھ بھال کے معاہدوں میں شامل تمام مساجد کی تطہیر مکمل ہونے تک یہ کام جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ سعودی وزیر برائے اسلامی امور و دعوت و ارشاد ڈاکٹر عبد اللطيف آل الشيخ نے تمام صوبوں میں وزارت کی شاخوں کے لیے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس میں انہوں نے ہدایت جاری کی تھی کہ دیکھ بھال اور صفائی انجام دینے والی کمپنیوں کو مساجد کی تطہیر کی ذمے داری سونپی جائے۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں سینئر علماء کمیٹی سے مشاورت کے بعد کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں مملکت کی تمام مساجد میں نماز جمعہ اور باجماعت نماز کی ادائیگی روک دی گئی تھی۔

وہیں امید ظاہر کی جارہی ہے کہ بہت جلد وزیر برائے اسلامی امور دعوت وارشاد مساجد میں نماز پنجگانہ ادا کرنے کی اجازت دے دے گا۔ آپ کو بتادیں کہ ابھی تک پورے سعودی عرب میں صرف مکہ اور مدینہ کی مسجدوں کے علاوہ کسی بھی مساجد میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہے۔ ابھی دوروز قبل مسجد الحرام میں ایک گیٹ بنایا گیا تھا۔ جس میں گزرنے والے ہر نمازی کی کورونا وائرس کی جانچ ہوسکے گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad