تازہ ترین

بدھ، 17 جون، 2020

معین الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے متعلق قابل اعتراض جملوں کا استعمال کئے جانے پر دارالعلوم دیوبند نے سخت برہمی کا اظہار کیا

دیوبند:دانیال خان(یواین اے نیوز17جون2020)ۤایک ٹی وی نیوز چینل کے اینکر کے ذریعہ صوفی بزرگ خواجہ غریب نواز کے متعلق قابل اعتراض جملوں کا استعمال کئے جانے پر دارالعلوم دیوبند نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے،دارالعلوم نے حکومت سے انکر اور متعلقہ چینل کے خلاف سخت قانونی کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیل کے مطابق ایک ٹی وی نیوز چینل پر ڈبیٹ کے دوران اینکر نے خواجہ غریب نواز کے سلسلے میں اشتعال انگیز زبان کا استعمال کئے جانے سے ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ممالک میں رہنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کو تکلیف پہنچی ہے۔ملک کے سب سے بڑے صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے تعلق سے کئے گئے تبصرے پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا 

کہ معین الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کی شان عالی میں ٹی وی چینل نیوز 18کے اینکر نے جس دریدہ دہنی سے نازیبا اور ہتک آمیز رویہ اختیار کیا وہ حد درجہ باعث اذیت اور قابل مذمت ہے،حضرت اجمیری ؒ بر صغیر ہندو پاک میں اسلامی تعلیمات اور انسانی اقدار کے عظیم داعی اور غیر متنازعہ روحانی پیشوا اپنی منفرد پہچان اور بلند مقام رکھتے ہیں،بلا لحاظ مدہب و ملت بے شمار خلق خدا ان سے عقیدت و محبت رکھتی ہے،ٹی وی اینکر کے اس ہتک آمیز مذموم بیان سے ہر انسان کو قلبی اذیت پہنچی ہے اور یہ بھی متشرح ہو گیا ہے کہ فرقہ پرست عناصر کا نشانہ مدارس اسلامیہ کے بعد اب خانقاہی نظام اور درگاہیں ہیں،اس لئے اس واقعہ کی جس قدر بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے،دارالعلوم دیوبند اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کرتا ہے کہ مذکورہ چینل کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad