تازہ ترین

جمعہ، 18 ستمبر، 2020

نوجوانوں کا سیاست میں آنا وقت کی ضرورت: صدام حسین

 کشن گنج اسمبلی حلقے سے آر یوسی پارٹی کے ٹکٹ کے دعویدار کا اظہارِ خیال

پوٹھیا، کشن گنج (مظہر ربانی)(یواین اے نیوز 17ستمبر2020)کشن گنج اسمبلی حلقے سے راشٹریہ علماء کونسل (آر یو سی) کے مضبوط دعویدار جواں سال سماجی خدمت گارصدام حسین نے کہا کہ نوجوانوں کو سیاست میں آکر قوم و ملت کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ سیاست کرنے والوں میں اکثریت ادھیڑ عمر یا آخری عمر کے لوگوں کی ہے جن سے کچھ ہوتا نہیں؛ بلکہ وہ سیاست کی زمین پر ایک بوجھ بن کر قبضہ کیے ہوئے ہیں، آج سیاست میں جتنی خرابیاں در آئی ہیں اس کی ایک خاص وجہ ان ہی عمر دراز لوگوں کی کاہلی، سستی اورعوام بیزاری ہے ۔ یہ پہلے بڑے بڑے وعدے کرکے جوانوں کو ورغلاتے ہیں، اپنے لیے استعمال کرتے ہیں، الیکشن کے وقت ورکری کراتے ہیں، پھر جیت کر فائیو اسٹار ہوٹلوں کے مزے لیتے ہیں اور بے روزگار نوجوانوں کے بارے میں ذرہ برابر نہیں سوچتے، نہ اسمبلی میں ان کے لیے کوئی آواز اٹھاتے ہیں۔ صدام حسین نے مزید کہا کہ کشن گنج اسمبلی حلقہ سیمانچل میں سب سے پسماندہ علاقہ ہے،



 جہاں تعلیم کی شرح بہت سطحی ہے، اس اسمبلی حلقے میں روزگار کا کوئی انتظام نہیں ہے، پانی بالکل گدلا ہے، بجلی کا نظام ٹھپ ہے، پل اور پلیوں کی کمی ہے اور راستوں میں گڑھے ہی گڑھے ہیں، کشن گنج اسمبلی حلقے کی اس بدحالی کے ذمہ دار کانگریس کے لیڈران ہیں، جنہیں یہاں کی عوام نے لگاتار ووٹ دے کر کامیاب کیا اور ہر بار یہ سوچ کر ووٹ کیا کہ شاید اس بار ہمارا کچھ بھلا ہو جائے؛ لیکن ہر بار ایسا ہی ہوا کہ دل کے ارماں آنسؤں میں بہہ گئے، ہم جہاں پر تھے وہیں پر رہ گئے۔ لہذا اس بار نوجوانوں نے فیصلہ کیا ہے کہ خود ہم میں سے کوئی الیکشن میں حصہ لے ، چنانچہ اس کے لیے انہوں نے میرا نام منتخب کیا ہے، مجھے امید ہے کہ راشٹریہ علماء کونسل نے اگر مجھے ٹکٹ دیااور نوجوانوں نے میرا ساتھ دیا تو ہمارا پختہ ارادہ ہے کہ الیکشن میں پرزور طریقے سے اپنی حصہ داری درج کرائیں گے اور جیت حاصل کرکے کشن گنج اسمبلی حلقے کو چمن بنانے کا کام کریں گے۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad