تازہ ترین

جمعہ، 11 ستمبر، 2020

رافیل لڑاکاطیاروں کی ہندوستانی فضائیہ میں شمولیت

انبالہ ایرفورس ہوائی اڈہ پر منعقدہ ایک شاندار تقریب میں آج فرانسیسی ساختہ 5 ملٹی رول رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کو ہندوستانی فضائیہ میں شامل کیا گیا جس سے ہندوستان کی فضائی صلاحیتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے


 بالخصوص ایک ایسے وقت جب ملک‘ مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ بڑھتے سرحدی تنازعہ میں گھراہوا ہے۔ سرحدی تنازعہ پر چین کو طاقتور پیام دینے اس موقع کا استعمال کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ سرحدوں پر پیدا کئے جانے والے ماحول کے مدنظر جیٹ طیاروں کی فضائیہ میں شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور یہ ہندوستان کے اقتدارِ اعلیٰ پر بری نظر ڈالنے والوں کے لئے ایک بڑا اور سخت پیام ہے۔ تقریباً 2 گھنٹے طویل اس تقریب میں راج ناتھ سنگھ کے علاوہ فرانسیسی وزیر دفاع فلورنس پارلی‘ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت‘ ایر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریہ اور رافیل معاملت میں شامل بڑی فرانسیسی دفاعی کمپنیوں کے کئی اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ 


رافیل جیٹ طیاروں کو آبی توپوں سے سلامی دی گئی اور روایتی طورپر سروادھرم پوجا کی گئی۔ بعدازاں انبالہ ایرفورس اسٹیشن پر ہندوستانی فضائیہ کے ’’گولڈن ایروز‘‘ اسکواڈرن میں شمولیت کے ساتھ ہی جیٹ لڑاکا طیاروں نے دم بخود کردینے والی فضائی مشقوں اور کرتبوں کا مظاہرہ کیا۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ رافیل جیٹ طیاروں کی (فضائیہ میں) شمولیت ساری دنیا بالخصوص ہمارے اقتدارِ اعلیٰ پر بری نظر ڈالنے والوں کے لئے ایک بڑا اور سخت پیام ہے۔ ہماری سرحدوں پر جس قسم کا ماحول پیدا کیا گیا ہے


 اس کے پیش نظر ایسی شمولیت ضروری ہے۔ ہم اس بات کو بخوبی سمجھتے ہیں کہ بدلتے دور کے ساتھ ہمیں بھی اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہماری قومی سلامتی وزیراعظم نریندر مودی کی ایک بڑی ترجیح رہی ہے۔ ایر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکوریٹی صورت ِحال کے مدنظر انتہائی صحیح وقت پر رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کو فضائیہ میں شامل کیا گیا ہے۔


 پارلی نے اپنے مختصر سے خطاب میں کہا کہ فرانس‘ ہندوستان کی دفاعی صنعت کو فرانس کی عالمی فوجی سربراہی چین(کڑی)سے منسلک کرنے کا پوری طرح پابند ہے۔ انہوں نے رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کی ہندوستانی فضائیہ میں شمولیت کو باہمی دفاعی تعلقات میں ایک نیا باب قراردیا۔ اس تقریب میں اندرون ِ ملک تیار کردہ لڑاکا جیٹ طیاروں تیجس کے بیڑہ اور سارنگ ہیلی کاپٹر کرتب بازی ٹیم نے بھی کئی فضائی کرتبوں کا مظاہرہ کیا۔ آئی اے ایف نے اپنے ایک ٹویٹر پیام میں ’’نئے پرندہ‘‘ کا اپنے بیڑہ میںشمولیت کا خیرمقدم کیا۔ فرانس کی ایک بڑی دفاعی ہوابازی کمپنی فرنچ ایرواسپیس کی جانب سے تیار کردہ ہمہ مقصدی رافیل لڑاکا جیٹ طیارے فضائی برتری اور نشانہ پر ٹھیک ٹھیک ضرب لگانے کے لئے شہرت رکھتے ہیں۔ 


5 رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کی پہلی کھیپ 29 جولائی کو ہندوستان پہنچی تھی۔ ہندوستان نے 59 ہزار کروڑ رو پے کی مالیت سے 36 رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کی فرانس سے خریدی کے لئے تقریباً 4 سال پہلے بین حکومتی معاہدہ پر دستخط کئے تھے۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad