تازہ ترین

اتوار، 18 اکتوبر، 2020

جھولا چھاپ ڈاکٹر کے علاج سے ہوئی گلزار کی موت راشٹریہ علماء کونسل کے کارکنان نے اٹھائی آواز، ڈاکٹر کے لیے جیل اور اہل خانہ کے لیے معاوضے کا مطالبہ

  پوٹھیا، کشن گنج (مظہر ربانی) سیٹھاباڑی گاؤں کا رہنے والا گلزار عرف چھوٹے کلو کمر کی درد سے پریشان تھا، قریب میں ہی چچواباڑی موڑ پر بیٹھے ہوئے ایک جھولا چھاپ ڈاکٹر سے دوا لینے پہنچا، غیر سند یافتہ ڈاکٹر عبدالحمید نے گلزار کو کئی دن تک انجیکشن لگایا؛ اور ایک دن ایک ہی ساتھ کئی انجیکشن لگادیے، بس اس کے بعد سے ہی گلزار کی طبیعت دگر گوں ہوگئی، انجیکشن سے گلزار کے پورے جسم میں انفیکشن پھیل گیا،




 اسلام پور لے جانے پر دوسرے ڈاکٹروں نے بھی جواب دے دیا، بالآخر گلزار نے دم توڑ دیا، جس کے بعد گلزار کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، خبر لکھنے تک پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار نہیں ہوسکی ہے۔ آج گلزار کی تجہیز و تکفین کے موقع پر سیٹھا باڑی میں اہل بستی اور گلزار کے گھر والوں نے ڈاکٹر کے خلاف احتجاج درج کرایا، اہل خانہ کی طرف سے پوٹھیا تھانہ میں تحریری طور پر معاملہ درج کرایا گیا ہے۔ اہل بستی کی اطلاع پر راشٹریہ علماء کونسل کشن گنج یونٹ کے کارکنان پارٹی کے صوبائی انچارج مولانا آفتاب اظہر صدیقی اور ڈاکٹر پرویز عالم امیدوار اسمبلی سیٹ کشن گنج کے ہمراہ سیٹھاباڑی پہنچے؛ جہاں سنجیدگی سے معاملے کا معائنہ کیا، 


معلوم ہوا کہ ڈاکٹر کے غلط علاج سے ہی گلزار کی موت ہوئی ہے، گلزار کے بھائیوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالحمید ایک جھولا چھاپ ڈاکٹر ہے، جس کے پاس کسی طرح کی ڈگری نہیں ہے۔ مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے پرزور انداز میں کہا کہ ہم مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور انہیں انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن آواز اٹھائیں گے۔ 


مولانا انظار عالم سیٹھاباڑی نے کہا کہ گلزار کی موت کے بعد سے اب تک یہاں کا مکھیا، بلاک نمائندہ یا پرشاسن نے گاؤں میں آنے کی ضرورت محسوس نہیں کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر چونکہ موٹی پارٹی ہے؛ اس لیے ہمیں اندیشہ ہے کہ معاملے کو دبا دیا جائے گا اور مظلوم پریوار کو انصاف نہیں مل سکے گا۔ سفیر محمد، تیز محمد، منصور، قاضی محمد، دلبہار حسین، مستقیم، شاہد وغیرہ کا مطالبہ ہے کہ جھولا چھاپ ڈاکٹر عبدالحمید کو جیل بھیجا جائے اور گلزار کے اہل خانہ کو خاطر خواہ معاوضہ ملے۔ واضح ہو کہ مرنے والے کے چار چھوٹے چھوٹے بچے ہیں دو لڑکے اور دو لڑکیاں۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad