تازہ ترین

ہفتہ، 14 نومبر، 2020

سیمانچل کے نومنتخب ممبران اسمبلی سے عوام کی امیدیں وابستہ: مولانا ابو سالک ندوی

کشن گنج 14/ نومبر (نامہ نگار) اقصیٰ ایڈورٹائزنگ کشن گنج کے مالک، امن انسانیت فاؤنڈیشن کے صدراور جمعیۃ علماء کشن گنج کے سکریٹری مولانا ابو سالک ندوی نے سیمانچل کے سبھی نومنتخب ممبران اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیت حاصل کرنے والے سبھی نئے ایم ایل اے سے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں؛ عوام نے پرانے ممبران اسمبلی کے مقابلے میں آپ پر بھروسہ کیا ہے تو ضرور کچھ سوچ سمجھ کر کیا ہوگا؛ لہذا آپ کو بھی چاہیے کہ عوام کی امیدوں اور اپنے کیے گئے وعدوں پر پورا اتریں، مظلوموں کا ساتھ دیں، 



غریبوں کو سرکاری اسکیموں کا فائدہ پہنچائیں اور اپنے علاقے کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں، سیمانچل کی پسماندگی کو دور کرنے میں آپ اپنا اہم رول ادا کریں تبھی جاکر آپ کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا۔ مولانا ابوسالک نے مزید کہا کہ بہت سے وہ اچھے ممبران اسمبلی جنہوں نے علاقے کی ترقی و فلاح کے لیے بہت کچھ کیا؛ لیکن اس بار وہ ایم ایل اے نہیں بن سکے؛ انہیں چاہیے کہ ہمت نہ ہاریں اور اسمبلی میں نہ سہی اب آپ عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کریں، ہارنے کے بعد خالی نہ بیٹھ جائیں بلکہ عوام کے دکھ درد میں ان کا ساتھ دیں، ان کی پریشانیوں کو حل کرانے کی کوشش کریں اور اپنی گنجائش تک خدمت خلق میں لگے رہیں۔


 مولانا ندوی نے کہا کہ کشن گنج ضلع کے چاروں اسمبلی حلقوں میں اس بار تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے، بہادر گنج سے نئے ایم ایل اے انظار نعیمی نے ایم آئی ایم کے ٹکٹ پر جیت حاصل کی ہے، اسی طرح کوچادھامن سے اظہار اصفی نے ایم آئی ایم کے ٹکٹ پر جیت درج کرائی ہے، کشن گنج اسمبلی حلقے سے اظہار الحسین کانگریس کے ٹکٹ پر نئے ایم ایل اے بنے ہیں اور ٹھاکر گنج سے مولانا سعود اسرار راجد کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں،


ان چاروں ودھایکوں کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہم ان سے علاقے کی فلاح و ترقی کی امید کرتے ہیں، سبھی نومنتخب ممبران کو چاہیے کہ پارٹی پالٹکس سے اوپر اٹھ کر عوام کے لیے اپنی خدمات پیش کریں اور ان کی مشکلات کا حل تلاش کریں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad