تازہ ترین

بدھ، 18 نومبر، 2020

کفیل چھٹی پر گئے ہوئے کارکن کا ہروب لگا سکتا ہے؟

 ریاض ۔ارسلان ہاشمی ۔(یو این اے نیوز 18 نومبر 2020)  سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ اسی تناظر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ 



ام معاویہ نے سوال کیا ہے وزٹ ویزا 2 سال کا ہے ایک برس ہو گیا۔ اب پاسپورٹ ایکسپائر ہورہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ نئے پاسپورٹ پر ویزا کیسے ٹرانسفر ہو گا؟ 


جواب ۔ نیا پاسپورٹ سفارتخانے یا قونصلیٹ سے بنوا لیں بعدازاں نئے پاسپورٹ کی معلومات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کریں۔ 


پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنے کو ’نقل معلومات ‘ کہتے ہیں۔ محکمہ نے یہ سہولت ابشر اکاونٹ پر بھی فراہم کی ہوئی ہے۔ 


آپ جس کی سپانسر شپ میں وزٹ ویزے پر مملکت آئیں ہیں ان کے ابشر اکاونٹ کے ذریعے نئے پاسپورٹ کی نقل معلومات سسٹم میں فیڈْ کی جاسکتی ہے۔  


اگرابشر کے ذریعے ڈیٹا فیڈ نہیں ہو رہا تو دوسری صورت میں جوازات کے قریبی سینٹرکے لیے آن لائن ٹائم لیں وقت مقررہ پر دونوں پاسپورٹ لے جائیں تاہم یہ کام بھی آپ کےسپانسر کو کرنا ہو گا یعنی جن کے ویزے پر آپ مملکت آئیں۔ 

شہزاد سیفی نے سوال کیا ہے۔ انڈیا کے لیے نیا ویزا کب تک شروع ہوگا؟ 


جواب۔ آپ نے سوال میں وضاحت نہیں کی کہ کون سا ویزا ہے وزٹ ، عمرہ یا ورک ۔  

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تاحال حالات زندگی حسب سابق معمول پر نہیں آئے۔ معاملات بتدریج بہتری کی جانب رواں ہیں تاہم اس مہلک وائرس سے بچاو کے تدبیر اختیار کرنا ضروری ہے۔ 


کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے تحت مملکت میں تمام ویزوں کے اجرا پرمارچ سے پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم اب بین الاقوامی سفری پابندیاں مرحلہ وار اٹھائی جارہی ہیں۔ کافی حد تک معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ویزوں کا اجرا بھی کسی تک بحال ہو گیا ہے۔ مملکت آنے کے لیے کورونا ٹیسٹ انتہائی اہم ہے جس کی رپورٹ سفر کرنے سے 72 گھنٹہ سے زیادہ پرانی نہیں ہو نا چاہئے۔ 


چوہدری ندیم نے پوچھا ہے چھٹی پر پاکستان آیا ہوں اور کفیل نے ہروب لگا دیا ہے، اب کیا ہو سکتا ہے؟ 

جواب۔ آپ کو کیسے معلوم ہوا کہ کفیل نے ہروب لگا دیا ہے۔ کیا آپ کا ویزا نجی کفیل کا ہے یا کمپنی یعنی موسسہ وغیرہ کا۔ 

محکمہ پاسپورٹ کے قانون کے مطابق بیرون ملک گئے ہوئے کارکن کا خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے اور نہ ہی ہروب۔ 


ہروب کا مطلب ہوتا ہے کفیل کے پاس سے فرار ہو کر دوسری جگہ کام کرنا جبکہ آپ نے کہا کہ چھٹی پر پاکستان گئے ہوئے ہیں۔ اس صورت میں ہروب فائل نہیں کیاجاسکتا۔ لیبر آفیس کے سسٹم میں اس بارے میں چیک کیاجاسکتا ہےجس کا لنک دیا جارہا ہے۔ 

https://www.mol.gov.sa/securessl/login.aspx 

افرادی قوت کی ویب سائٹ پر لاگ ان کر کے آپ اپنا اقامہ نمبر اور ساتھ ہی دکھائی دینے والا نمبروں کا کوڈ  فیڈ کریں جس سے معلوم ہو جائے گا کہ آپ کا ہروب لگا ہوا ہے یا نہیں۔ اردو نیوز کے ان پٹ کے ساتھ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad