تازہ ترین

اتوار، 21 مارچ، 2021

مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ نکاح سے جڑی ہوئی ہر چیز میں سادگی کواپنائیں!


مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ نکاح سے جڑی ہوئی ہر چیز میں سادگی کواپنائیں!


مسلمانان ہند کو حضرت امیر شریعت مولانا محمدولی رحمانی کی گراں قدر نصیحت!


نئی دہلی، 21/ مارچ (پریس ریلیز):مروجہ جہیزنے اسلامی معاشرہ کوسخت نقصان پہنچایاہے،اور نکاح کے نظام میں جن رسموں کو اختیار کرلیاگیاہے ان کی وجہ سے مسلمانوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ضرورت ہے کہ رسم ورواج سے پاک اسلامی نظام نکاح کو معاشرہ میں فروغ دیاجائے،یہ بات بھی یاد رکھنے کی ہے کہ ولیمہ سنت ہے اور حضورﷺ کی ہر سنت ہمارے سر آنکھوں پر ہے،لیکن ولیمہ کے مسنون ہونے کا حوالہ دے کرلمبی چوڑی دعوتیں کرنا،دولت کی نمائش کرنا، غریبوں کادل دکھانااور غیر شرعی اور بے ہودہ طور طریقے اختیار کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں،مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ نکاح سے جڑی ہوئی ہر چیز میں سادگی کواپنائیں اور اتباع سنت و شریعت کی راہ پر چلیں کہ اسی میں ان کی کامیابی اور سرخروئی ہے۔ ان خیالات کااظہار امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی صاحب رحمانی دامت برکاتہم نے اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈکی جانب سے منعقدہ سہ روزہ کانفرنس کی دوسری نشست میں فرمایا۔حضرت امیر شریعت کانفرنس کی صدارت فرمارہے تھے، اورانہوں نے اخیر میں اپنی صدارتی تقریر میں ملت اسلامیہ کو اہم پیغام دیتے ہوئے یہ فرمایا کہ اصلاح معاشرہ کمیٹی نکاح کو سادہ اورآ سان بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے،اس میں پوری ملت کو دلچسپی لینی چاہیے،اور اصلاح کی طر ف سب سے پہلے خودقدم آگے بڑھاناچاہئے۔


۰۲/مارچ کو سہ روزہ آن لائن کانفرنس کی دوسری نشست را ت ساڑھے آٹھ بجے سے شروع ہو کر گیارہ بجے تک جاری رہی، ابتداء میں مولانا جمال عارف ندوی(کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی، ضلع ناسک) اور مولانا مفتی سعید الرحمٰن فاروقی (رکن آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ)نے خطاب فرمایا،اور نکاح کے رسوم و رواج کے سلسلے میں مسلمانوں کو توجہ دلائی، اس کے بعد گجرات کے معروف عالم دین مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی نے تفصیلی خطاب کیا، جس میں انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلامی نظام نکاح کوپیش فرمایا، اس نشست میں مولانا عبیداللہ خاں صاحب اعظمی اور ڈاکٹر سعود عالم قاسمی صاحب کو بھی شرکت کرنی تھی لیکن سفر اور بیماری کے عذر کی وجہ سے یہ دونوں حضرات شرکت نہیں کر سکے،اب ان شاء اللہ مولانا عبیداللہ خاں اعظمی صاحب کاخطاب کانفرنس کی اختتامی نشست میں ہوگا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad