تازہ ترین

جمعہ، 9 اپریل، 2021

اپنے اندر قوتِ فکر و عمل پیدا کیجیے یہی امیر شریعت کی شخصیت اور مشن کا حصہ ہے: علماء، مسجد ابوبکر صدیق اترپالی کشن گنج میں امیر شریعت کے لیے دعائیہ مجلس کا انعقاد

     کشن گنج (یواین اے نیوز 9اپریل2021) جمعیۃ علماء شہر کشن گنج کے زیر اہتمام اراکین کمیٹی مسجد ابوبکر صدیق کی نگرانی میں مسجد کے اندرونی حصے میں امیر شریعت مولانا ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کے لیے دعائیہ مجلس کا انعقاد عمل میں آیا۔ ادارہ مکیہ اترپالی کشن گنج کے سرپرست اور جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج کے صدر مولانا الیاس مخلص نے صدارت فرمائی جبکہ مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی ترجمان جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج نے نظامت کا فریضہ انجام دیا۔ حافظ عمر الیاسی نے تلاوت کلام اللہ سے نشست کا آغاز کیا۔ مولوی سہیل قاسمی گیراماری نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ مفتی صبیح اختر قاسمی شیخ الحدیث جامعہ جلالیہ ہوجائی آسام نے اپنے بیان میں کہا کہ ہر کسی کو دنیا سے جانا ہے، کسی کے جانے کا غم ایک خاندان تک محدودرہتا ہے تو کوئی پورے ملک اور عالم کو سوگوار کرکے چلاجاتا ہے؛ لیکن ہمیں ہر حال میں شریعت مطہرہ کے مطابق اپنے غم کا اظہار کرنا چاہیے، 



انہوں نے کہا کہ وفات پانے والے کی تعزیت کا حکم صرف تین دنوں تک ہے اس کے بعد اس کے لیے ایصال ثواب کیا جائے گا، تعزیت نہیں، صرف بیوی کو حکم ہے کہ وہ اپنے شوہر کے انتقال کے بعد چار مہینے دس تک سوگوار رہے۔ مولانا عمیر انور قاسمی نے مولاناولی رحمانی پر مرثیہ پیش کیا۔ نشست میں موجود علمائے کرام نے مولانا ولی رحمانی کے اوصاف حمیدہ بیان کرکے ان کے لیے دعائیں کیں جن میں قاضی ارشد دارالقضاء انجمن اسلامیہ کشن گنج، مولانا شمس الاسلام ابن مولانا ضمیر الاسلام نوکٹہ، مولانا شمیم ریاض ندوی محرک مجلس علمائے ملت، مولانا نور الزماں رحمانی امام و خطیب جامع مسجد بیلوا، مفتی نبیل قاسمی صدر جمعیۃ علماء پوٹھیا بلاک، ماسٹر زاہد الرحمن نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ مفتی سلمان قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج، مولانا ابوسالک ندوی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء شہر کشن گنج، 



مولانا حبیب الرحمن خازن جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج، مولانا اکرام الحق مدرس مدرسہ تجوید القرآن، مولانا مشفق مظاہری جامعہ محمود المدارس، مولانا سہیل اختر ندوی رحمانی پبلک اسکول وغیرہ نے بھی شرکت فرمائی اور ایصال ثواب کیا۔ آخر میں مولانا الیاس مخلص نے مولانا ولی رحمانی کی جرأت و بے باکی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں حضرت کی نصیحت کو یاد رکھتے ہوئے اپنے اندر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا الیاس مخلص کی دعا پر ہی مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ عشاء کی نماز کے بعد مسجد کمیٹی کی طرف سے تمام مہمانوں کے لیے ضیافت کا نظم کیا گیا۔ قاری منہاج حسین امام و خطیب مسجد ابوبکر صدیق نے نشست کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad