تازہ ترین

پیر، 19 اپریل، 2021

رمضان المبارک بڑی فضیلت کا حامل اور نزول قرآن کا مہینہ ہے!


رمضان المبارک بڑی فضیلت کا حامل اور نزول قرآن کا مہینہ ہے!



مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے”سلسلہ تفسیر قرآن“ اور”جلسہ فضائل رمضان“کا آغاز!

بنگلور، اپریل (پریس ریلیز): رمضان المبارک کا مہینہ اپنی تمام تر برکتوں، رحمتوں اور اللہ کے بے شمار انعامات کے ساتھ ہمارے اوپر سایہ فگن ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہیکہ ہمیں اس ماہ مبارک کی رحمتیں، برکتیں اور سعادتیں حاصل ہورہی ہیں۔ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ رحمتوں والا ہے۔ جس میں اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے بندوں پر رحمتیں کرتے ہوئے انہیں بخشتے ہیں۔ قرآن و حدیث میں رمضان المبارک کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے۔اس مہینے کا قرآن مجید سے خاص تعلق ہے، جس کی سب سے بڑی دلیل قرآن مجید کا ماہ رمضان میں نازل ہونا ہے۔ اس مبارک ماہ کی ایک بابرکت رات میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے لوح محفوظ سے سماء دنیا پر قرآن کریم نازل فرمایا اور اس کے بعد حسب ضرورت تھوڑا تھوڑا حضور اکرم ؐپر نازل ہوتا رہا۔ رسول اللہﷺ، اصحاب رسول اور ہمارے اسلاف رمضان المبارک میں تلاوتِ قرآن کا شغل نسبتاً زیادہ رکھتے تھے۔اور ہمارے اکابر و اسلاف کا یہ معمول رہا ہیکہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جہاں فضائل و مسائل رمضان بیان فرماتے تھے وہیں درس قرآن و حدیث بالخصوص تفسیر قرآن کا اہتمام کیا کرتے تھے۔اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے آن لائن ”سلسلہ مسائل رمضان“ کے کامیاب آغاز کے بعد اب آن لائن”جلسہ فضائل رمضان“ اور آن لائن”سلسلہ تفسیر قرآن“ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے ان پروگرامات کا اعلان کرتے ہوئے فرمایا کہ الحمدللہ مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب روزانہ دوپہر سوا دو بجے مسائل رمضان کا سلسلہ یکم رمضان المبارک سے جاری ہے، اسی کے ساتھ اب آنے والی اتوار 18؍ اپریل 2021ء سے روزانہ بعد نماز تراویح ٹھیک ساڑھے دس بجے سے”سلسلہ تفسیر قرآن“ کا آغاز کیا جارہا ہے، جس میں جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور کے بانی و مہتمم، فقیہ العصر حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان صاحب مفتاحی مدظلہ عام فہم انداز میں قرآن مجید کی چھوٹی چھوٹی سورتوں کی تفسیر بیان فرمائیں گے۔ اسی کے ساتھ ہر ہفتہ بروز سنیچر بعد نماز تراویح ٹھیک ساڑھے دس بجے سے ”جلسہ فضائل رمضان“بھی منعقد کی جائے گی، جس سے مختلف علماء و اکابرین خطاب فرمائیں گے۔ اس سنیچر بتاریخ 17؍اپریل کو ان شا اللہ یہ جلسہ مرکز تحفظ اسلام ہند کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد رضوان حسامی و کاشفی کی صدارت اور مرکز کے رکن شوریٰ قاری عبد الرحمن قاسمی بستوی کی نظامت میں منعقد ہوگا، جس میں دارالعلوم محمودیہ گنٹور کے مہتمم حضرت مولانا عبد الباسط قاسمی صاحب (صدر جمعیۃ علماء و مجلس العلماء گنٹور، آندھرا پردیش)، حضرت مولانا حفظ الرحمن قاسمی صاحب (امام و خطیب جامع مسجد،گوری پالیہ، بنگلور) اور حضرت مولانا مفتی محمد اصغر علی قاسمی صاحب (امام و خطیب مسجد نورانی، پادرائن پورہ، بنگلور) کے خطابات ہونگے۔اس موقع پر مرکز تحفظ اسلام ہند کے آرگنائزر حافظ محمد حیات خان نے برادران اسلام سے گزارش کی کہ وہ مرکز کی جانب سے ہونے والے پروگرامات میں شرکت کرکے رمضان المبارک کے قیمتی اوقات کو عبادت و ریاضت میں گزاریں۔ قابل ذکر ہیکہ مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے ہونے والے تمام پروگرامات مرکز کی سوشل میڈیا ڈیسک تحفظ اسلام میڈیا سروس کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر براہ راست نشر کئے جائیں گے!


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad