تازہ ترین

جمعرات، 8 اپریل، 2021

جہیز اور فضول رسموں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، جہیز والی شادیوں کا بائیکاٹ کریں!

 مرکز تحفظ اسلام ہند کی اصلاح معاشرہ کانفرنس سے مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی اور مولانا محمد صلاح الدین قاسمی کا خطاب!


بنگلور، 8/ اپریل (پریس ریلیز): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اصلاح معاشرہ کمیٹی کی دس روزہ آسان و مسنون نکاح مہم کی ملک گیر تحریک کے پیش نظر مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد آن لائن اصلاح معاشرہ کانفرنس کی نویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور کے بانی و مہتمم، فقیہ العصر حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی صاحب نے فرمایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے آسان و مسنون نکاح کی جو مہم چلائی جارہی ہے اسکا مقصد نکاح میں ہونے والی بے اعتدالی سے امت کو بچا کر اسے اسلامی طریقہ کے مطابق انجام دینے کی کوشش کرنا ہے۔ اس وقت اس مہم کی ضرورت ہر آدمی محسوس کررہا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ اسلام نے نکاح کا جو ڈھانچہ ہمیں عطاء کیا تھا آج ہم نے اسے بالکل بدل دیا ہے، نکاح جیسی آسان عبادت میں ہم نے مختلف خرافات کو داخل کرکے مشکل بنا دیا ہے۔مولانا نے فرمایا کہ اسلام نے رشتوں کا انتخاب دینداری کی بنیاد پر کرنے کی تلقین کی لیکن آج کل رشتوں کا انتخاب حسن و جمال، حسب و نسب، مال و دولت کی بنیاد پر ہورہا ہے۔ جسکے نتیجے میں کئی لڑکیاں بن بیاہی گھروں میں بیٹھی ہیں تو کئی لڑکیاں ارتداد کا شکار ہورہی ہیں۔ آج نکاح کے مشکل ہونے کی وجہ سے زنا آسان اور عام ہوتا جارہا ہے۔ مفتی صاحب نے فرمایا کہ رشتہ طے ہونے کے بعد ایسے مختلف رسوم و رواج اور لین دین کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جنکا اسلام سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ انہوں نے فرمایا کہ جہیز کی رسم کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ ہندوؤں کی رسم ہے، انکے یہاں لڑکی کو وراثت نہیں دی جاتی اور مسلمانوں میں لڑکی کو وراثت دی جاتی ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ ہندوؤں کے اس رسم کو مسلم معاشرے نے قبول کرلیا۔ اور شادی بیاہ میں طرح طرح کے پکوان، شادی کیلئے مہنگے شادی کارڈز اور شادی محل، جہیز کے لین دین نے نکاح کو مشکل سے مشکل بنا دیا ہے۔ اور ان سب چیزوں نے اسلامی نکاح کو ایسا رنگ دیا ہیکہ وہ اسلامیات سے نکل گیا ہے اور معاشرے کو تباہی کی طرف لے جارہا ہے اور برکت والے نکاح کو منحوس بنا دیا ہے۔



قبل از آن لائن اصلاح معاشرہ کانفرنس کی چھٹویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء بنگلور کے صدر حضرت مولانا محمد صلاح الدین ایوبی قاسمی صاحب نے فرمایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے آسان و مسنون نکاح کی جو مہم چل رہی ہے یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مولانا ایوبی نے فرمایا کہ نکاح ایک عبادت ہے اور کوئی بھی عمل تبھی عبادت کہلاتا ہے جب اسے عبادت کے طریقے پر انجام دیا جائے۔ مولانا نے فرمایا کہ آج کل تو ہمارے معاشرے کی حالت ایسی ہوچکی ہیکہ نکاح کے مختلف رسوم و رواج تو یاد رہتے ہیں لیکن نکاح میں جو اصل فرائض، واجب اور سنتیں ہیں اس کے بارے میں کسی کو کوئی علم نہیں ہوتا۔ مولانا نے فرمایا کہ نکاح میں دو فرائض ہیں ایک ایجاب و قبول کرنا اور دوسرا دو گواہوں کا موجود ہونا، اسی کے ساتھ مہر دینا واجب ہے، اور خطبہ نکاح، نکاح کے بعد چھوارے تقسیم کرنا اور اپنی حیثیت کی مطابق ولیمہ کرنا یہ تین سنتیں ہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ آج شادی بیاہ میں فضول خرچی، خلاف شرع رسم و رواج، ناچ گانا اور بے حیائی اپنے عروج پر ہے۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ لوگ اپنے آپ کو دولت میں تولنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں عزت ملے لیکن وہ لوگ یاد رکھیں عزت متقی اور پرہیزگار لوگوں کو ہی ملتی ہے۔کاش کہ شادی بیاہ میں لاکھوں روپیہ خرچ کرنے کے بدلے کسی غریب، یتیم، مسکین اور بیوہ کی مدد کرتے تو ہماری زندگیوں میں رحمتیں اور برکتیں حاصل ہوتیں۔


مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی اور مولانا محمد صلاح الدین قاسمی نے فرمایا کہ ضرورت ہیکہ ہم سب بالخصوص نوجوان یہ عہد کریں کہ جوڑے اور جہیز کے لین دین کے بغیر سنت و شریعت کے مطابق نکاح کریں گے۔ انہوں نے مسلمانوں سے گزارش کی کہ وہ جہیز اور خلاف شرع امور اور رسوم و رواج والی شادیوں کا مکمل بائیکاٹ کریں کیونکہ جب تک ایسا نہیں ہوگا ملت کے اندر شعور پیدا نہیں ہوگا۔ قابل ذکر ہیکہ دنوں حضرات نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی آسان و مسنون نکاح مہم میں امت مسلمہ سے بھر پور تعاون کرنے کی اپیل کرتے تھے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہا اور خوب دعاؤں سے نوازا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad