تازہ ترین

پیر، 4 اپریل، 2022

رمضان المبارک میں غرباء و مساکین کا خیال رکھنے کی اپیل: مفتی اطہر جاوید قاسمی

کشن گنج (نامہ نگار) رمضان المبارک کا پہلا روزہ بڑے خوشگوار موسم کے ساتھ رکھا گیا، سحری کے وقت ضلع بھر میں باران رحمت کا نزول ہوا، اس کے بعد پورا دن ٹھنڈا اور خوشگوار رہا، اس موقع پر ضلع کشن گنج کی نامور سیاسی شخصیت مفتی اطہر جاوید قاسمی نے تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اس مہینے کے ایک ایک لمحے کو قیمتی جان کر اللہ کی عبادت و ریاضت میں زیادہ وقت لگائیں۔ 



انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے رحمت، مغفرت اور آگ سے خلاصی کا ذریعہ بن کر آتا ہے، یہ مسلمانوں کے گیارہ مہینوں کے دلوں کے زنگ کو صاف کرنے کے لیے آتا ہے، اس مہینے میں اللہ کی مہربانیاں بندوں پر بارش کی طرح برستی ہے، انہوں نے کہا کہ سرمایہ دار ہو یا فقیر ہر کسی پر روزہ فرض ہے اور ہر بالغ مسلمان مرد و عورت کو روزہ رکھنا ضروری ہے، جو لوگ بغیر شرعی عذر کے ذرا ذرا سے بہانے سے روزہ چھوڑ دیتے ہیں انہیں اللہ سے ڈرنے کی ضرورت ہے، ایسے لوگوں کے لیے محرومیت کے علاوہ کچھ نہیں،


 جو رمضان جیسے مبارک مہینے میں بھی اپنی آخرت کے بارے میں نہ سوچے وہ کب نیکی کی طرف آئے گا۔ مفتی اطہر جاوید نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ تمام سرمایہ داروں کو چاہیے کہ وہ رمضان المبارک میں غرباء و مساکین کا خاص خیال رکھیں اور اگر اللہ نے آپ کو حیثیت دی ہے توضرورت مندوں، بیواؤں اور مسکینوں کے گھروں میں راشن پانی کا انتظام کردیں، یہ آپ کی آخرت کے لیے بڑا ذخیرہ ہوگا، 


اس لیے کہ جب کوئی غریب روزہ رکھ کر آپ کے دیے ہوئے راشن سے روزہ افطار کرے گا تو اس کا ثواب آپ کو بھی ملے گا۔ انہوں نے اپنے دعائیہ کلمات میں کہا:اللہ پاک ہم سبھی کو پورے مہینے میں شوق اور لگن کے ساتھ اللہ کی رضا و خوشنودی کے لیے روزہ رکھنے اور تراویح پڑھنے کی توفیق بخشے۔ آمین!


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad