لکھماں پور گاؤں کی خستہ حال سڑک حادثہ کو دے رہی دعوت
جونپور(یو این اے نیوز 24 اگست 2024)ضلع جونپور کے گاؤں لکھماں پور کا ناہموار راستہ گاؤں کے باشندوں کیلئے پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے۔گاؤں کا مین راستہ بڑی خستہ حالت میں ہے، جس کی وجہ سے گاؤں کے راستے سے گزرنے والوں کیلئے کبھی گرنے تو کبھی زخمی ہونے کا ڈر بنا رہتا ہے۔فلا حی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن نے بھی گاؤں کی خستہ حال سڑک پر افسوس ظاہر کیا ہے۔
لکھماں پور گاؤں باشندہ شاکر خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ راستہ تقریباً پندرہ سال قبل بنا تھا، لیکن پکی سڑک نہیں بلکہ کھڑنجا بنا تھا، اس کے بعد سے اس راستے کی کبھی مرمت نہیں ہوئ، جس کی وجہ سے گاؤں والوں کو نہ صرف آنے جانے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ برسات کے موسم میں لوگ گاڑیوں اور سائیکل سے گزرتے ہیں تو انہیں ڈر بنا رہتا ہے کہ کہیں گر کر زخمی نہ ہو جائیں۔اس مسئلے کو لیکر گاؤں کے ہی باشندہ قیام الدین عرف صدام شیخ نے گاؤں کے راستے کی خستہ حالی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ گاؤں کی پکی سڑک نہ ہونا ہمارے مقامی نمائندوں (نیتاؤں) بالخصوص اقتدار والی پارٹیوں کے رہنماؤں کی بے حسی اور لاپرواہی کا نتیجہ ہیکہ آج تک لکھماں پور کے گاؤں کے لوگ پکی سڑک سے محروم ہیں۔اس موقع پر نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے لکھماں پور باشندہ شمشاد احمد نے کہا کہ یہ کہتے ہوئے بڑا عجیب محسوس ہوتا ہیکہ ایک تاریخی شہر جونپور کا ایک گاؤں آزادی کے بعد سے ہی پکی سڑک سے محروم ہے۔ مذکورہ گاؤں کے لوگوں کو کبھی پکی سڑک پر چلنا نصیب نہیں ہوا۔
اس اہم اور حساس موضوع پر بات چیت کرتے ہوئے لکھماں پور رہائشی شمش الزماں نے کہا کہ اس مسئلے کو لیکر کبھی ہمارے ووٹوں کی بدولت اسلمبی اور پارلیمنٹ پہنچنے والے رہنماؤں نے کبھی سنجیدگی نہیں دکھائی، صرف الیکشن کے اوقات میں وہ گاؤں کی دہلیز پر دستک دیتے ہیں، گاؤں کے مسئلے کو حل کرنے کا اہلِ گاؤں سے وعدہ کرتے ہیں لیکن الیکشن کے بعد گاؤں کے نہ مسائل حل ہوتے ہیں اور نہ ہی ان کا دوبارہ دیدار ہوتا ہے۔ گاؤں کے موجودہ پردھان رام یش یادو کو اس جانب توجہ دینی چاہئے۔
بتا دیں کہ لکھماں پور گاؤں جونپور صدر اسمبلی حلقہ میں آتا ہے، یہاں سے سماج وادی پارٹی،کانگریس اور اب بی جے پی کے نیتا ممبر اسمبلی رہے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں