الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ ) اپنا پانچواں یومِ تاسیس بطور" یومِ مدد"منائے گی
ہمیں سماج میں ایک دوسرے کی مدد کا ماحول بنانا ہوگا:ذاکر حسین
اعظم گڑھ،(یو این اے نیوز 23ستمبر 2024)خون عطیہ کی معروف تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) اپنا پانچواں یومِ تاسیس بطور "یومِ مدد" منائے گی۔ تنظیم کے بانی اور خون عطیہ تحریک کے روح رواں جناب ذاکر حسین نے تنظیم کے ذمہ داروں کی متفقہ رائے کے بعد اس بات کا اعلان کیا۔
اس موقع پر میڈیا کیلئے جاری بیان میں الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) کے بانی جناب ذاکر حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ آئندہ 28 ستمبر کو تنظیم اپنا پانچواں یومِ تاسیس بطور "یومِ مدد منائے گی۔
ہمارا ماننا ہیکہ سماج میں بہت تیزی سے خود غرضی، مفاد پرستی سرایت کر رہی ہے، جو نہ صرف قابلِ تشویش بلکہ افسوسناک ہے۔ہمیں سماج میں ایک دوسرے کی مدد کا ماحول بنانا ہے، اسی مقصد سے ہم اس بار اپنا یومِ تاسیس بطور یومِ مدد منا رہے ہیں، تاکہ عوام کی ذہن سازی کر سکیں۔لوگوں کے اندر ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ پیدا کر سکیں۔واضح رہے کہ الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ ) نے اپنے قیام کے بعد سے اب تک 750 سے زائد مریضوں کو مفت خون مہیا کرا چکی ہے۔
اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن کے میڈیا انچارج جناب معراج خان صاحب نے بتایا کہ اس بار الفلاح فاؤنڈیشن دہلی، لکھنؤ، جونپور، مرادآباد، میرٹھ، مبارک پور، بلریا گنج، سعودی عربیہ، دبئ، کویت، جھارکھنڈ، بہار، مہاراشٹر، سنجر پور، ماہل، امباری سمیت دیگر مقامات پر تنظیم سے وابستہ افراد میٹنگ، پروگرام کر عوام تک تنظیم کے مشن کو پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے بھی 28 ستمبر کو تنظیم کے ذمہ داران عوام تک اپنی بات پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں