بیدر(یواین اے نیوز 16فروری2020) شاہین پرائمری اسکول بیدر کے طلباء کی جانب سے این آری کے خلاف کئے گئے ڈرامے کی بنیاد پرغداری کے مقدمہ میں گرفتار صدر معلمہ اور ایک طالبہ کی والدہ کی آج جیل سے رہائی عمل میں آئی،عدالت نے ان دونوں خواتین کی ضمانت کی منظوری کا 14 فروری کو فیصلہ سنایا ۔ ضمانت کی کارروائی کی تکمیل کے بعد شاہین اسکول کی صدر معلمہ فریدہ بیگم اور طالبہ کی والدہ نجم النساء کی 15 فروری کو ساڑھے بجے شام جیل سے رہائی عمل میں آ ئی۔ اس موقع پر دونوں خواتین کے رشتہ داروں کی کثیر تعداد جیل کے بیرونی احاطہ میں جمع تھی۔ دونوں خواتین نے جیل کے دروازے کے باہر قدم رکھتے ہی الله کا شکر ادا کیا۔
اور ایک کار میں بیٹھ کر اپنے گھروں کو روانہ ہوگئیں۔ یاد رہے کہ شاہین اسکول میں گذشتہ ماہ 21 تاریخ کو این آرسی کے خلاف کردار ادا کرتے ہوئے ایک ڈرامہ پیش کیا گیا تھا اور اس کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر اپلوڈ ہونے کے بعد ایک مقامی شخص کی جانب سے بیدر کے نیو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت پر کہ ڈرامے میں نریندر مودی کی شبیہ کو بگاڑا گیا ہے پولیس نے اسکول کی صدر معلمہ اور طالبہ کی والدہ کے ساتھ اسکول کے انتظامیہ و دیگر پر غداری کا معاملہ درج کیا اور 30 جنوری کو صدر معلمہ اورطالبہ کی والدہ کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ دونوں خواتین کی ضمانت کیلئے بیدر کے نارائین گنیش ایڈوکیٹ اور کیو شر یمالے ایڈوکیٹ نے عدالتی کارروائی کی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں