تازہ ترین

پیر، 3 اگست، 2020

گوشت لے جارہے 25؍سالہ لقمان کو ہتھوڑے سے بھگوا آتنک وادیوں نے بے رحمی سے پیٹا۔

گڑگاؤں(یواین اے نیوز3اگست2020)گئو رکشا کے نام پر ایک بار پھر دہشت گردی کا مظاہرہ کرتےہوئے دائیں بازو کے انتہا پسندوں نےعید الاضحی سے ایک روز قبل گڑگاؤں میں ایک ۲۵؍ سالہ نوجوان کو ہتھوڑی  اورلاٹھی ڈنڈوں سے بری طرح پیٹا۔  الزام ہےکہ پولیس اس پورےواقعہ کےدوران خاموش تماشائی بنی رہی ہے۔ متاثرہ نوجوان کی شناخت لقمان کے طورپر ہوئی ہے  جو بھینس کا گوشت لے کر جا رہا تھا۔ا س واقعہ نے جہاں ہریانہ میں نظم ونسق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بے نقاب کردیاہے وہیں  ہریانہ پولیس بھی   شدید تنقیدوں کی زد پرآگئی ہے جس کے بعد کاررروائی کرتےہوئے اس نے ۲؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کےمطابق حملہ کرنے والے ۵؍ سے ۶؍ افراد کی شناخت کرلی  گئی ہے۔قومی راجدھانی خطہ (این سی آر)  کے شہر گڑگاؤں  پیش آنےوالی اس واردات نے ایک بار پھر ہندوستان کو عالمی سطح پر شرمسار کردیاہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہریانہ کے شہرگڑگاؤں میں لقمان نامی ٹرک ڈرائیور پک اپ وین میں بھینس کا گوشت لے کر جا رہا تھا، اسے راستہ میں ہی گئو رکشکوں نے گھیر لیا اور اس پر گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگا کر تشدد شروع کر دیا۔

 گئو رکشکوں نے لقمان کو  بری طرح زد و کوب کرنا شروع کر دیا اور اس پر ڈنڈوں، ہتھوڑوں، لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر دی۔اس دوران لقمان اس بات کی دہائی دیتا رہا  جو گوشت وہ لے جارہاہے وہ گائےکا نہیں بھینس کا ہے اور اگر گائےکا نکل آئےتو اسے جان سےماردیں مگر حملہ آوروں نےایک نہ سنی۔  اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ گئو رکشک لقمان کے پیر پر ہتھوڑے سے وار کر رہا ہے جبکہ دوسرے شخص نے اس کا پیر پکڑا ہوا ہے۔ لقمان کے جسم پر ہتھوڑے سے یکے بعد دیگرے کئی وار کئے گئے اور انتہاپسندوں نے لقمان  کو پیٹ پیٹ کر نیم مردہ کر دیا۔ گئو رکشکوں نے یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ انہوں نے لقمان کو اسی ٹرک میں ڈالا اور بادشاہ پور گاؤں لے گئے اور پھر اسے قتل کرنے کی نیت سے زد دو کوب کیا۔ یہاں  جاکر پولیس  نےمداخلت کی

 اور لقمان کو نیم مردہ حالت میں اسپتال پہنچایاگیا۔  پولیس نے نا معلوم حملہ آوروں  کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ پک اپ گاڑی کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ۵۰؍ سال سے بھینس کے گوشت کا کاروبار کر رہا ہے۔ پولیس نے جن لوگوں کو گرفتار کیا ہے ان میں ایک کی شناخت پردیپ یادو  کے طور پر ہوئی ہے۔ گرگاؤں کےکمشنر آف پولیس  کے کے راؤ کے مطابق تمام ملزمین کی گرفتاری کیلئے  پولیس کی اضافی ٹیموں کو مامور کیاگیاہے۔  لقمان نے بتایا ہے کہ اس پر حملہ کرنےوالے افراد ۵؍ موٹر سائیکلوں میں سوار ہوکرآئے تھے۔ ان کی مجموعی تعداد ۱۰؍ تھی۔ انہوں نے گاڑی کا پیچھا کیاا ور پھر اسے روک کر حملہ کردیا۔بشکریہ روز نامہ انقلاب 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad