تازہ ترین

جمعہ، 9 اکتوبر، 2020

ہمیں آخری نبی محمد ﷺ کی خوش نصیب امت ہونے پر فخر ہونا چاہیے

دنیا ہم سب کے لیے ایک عارضی ٹھکانہ ہے. مسجد بلال حضرت منور نگر میں جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج کے صدر مولانا الیاس مخلص کا پُرمغز خطاب

کشن گنج  9/ اکتوبر (مظہر ربانی) آج جمعۃ المبارک کے موقع پر جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج کے صدر مولانا الیاس مخلص نے جامع مسجد بلال حضرت منور نگر میں اپنے پُرمغز خطاب سے مصلیان کرام کو ایک اہم پیغام دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”میرے پیارے مسلمان بھائیو! آپ وہ خوش نصیب امت ہیں اور آپ کو اس پر فخر ہونا چاہیے کہ آپ کے وہ نبی ہیں جو معراج کی رات کو تمام نبیوں کی نماز کے امام بنے اور اللہ نے آپ ہی کے نبی کو دنیا میں مبعوث کیے گئے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کرام کی امامت کے لیے منتخب فرمایا۔ 



ہم اور آپ اس نبی کی امت ہیں جس نبی کو معراج ہوئی اور جب وہ معراج پر اللہ سے ہم کلام ہوئے تو اللہ کی حمد و ثنا کی جس کے بدلے اللہ نے نبی کو سلامتی کے الفاظ کہے تو وہ اتنے کریم اور مہربان نبی کہ وہاں بھی اپنی امت کو یاد رکھا اور صرف اپنے اوپر سلامتی نہیں لی؛ بلکہ اپنی امت کے تمام نیک بندوں پر سلامتی کے وہ الفاظ دوہرائے۔  ہم اور آپ اس نبی کی امت ہیں کہ کل جب قیامت کا منظر ہوگا تو تمام انبیاء و رسل نفسی نفسی پکاریں گے؛ 


لیکن ہمارے پیارے آقا محمد ﷺ امت کی فکر میں پریشان ہوں گے اور سب سے پہلے آپ ہی سفارش کے لیے آگے بڑھیں گے اور اپنی امت کے گنہگاروں کے لیے بھی آپ کی شفاعت قبول کی جائے گی، ہم اور آپ اس عظیم المرتبت نبی کی امت ہیں جس نبی سے پہلے کوئی نبی اور جس کی امت سے پہلے کوئی امت جنت میں داخل نہیں ہوسکتی۔ لہذا ہمیں آخری نبی محمد ﷺ کی خوش نصیب امت ہونے پر فخر ہونا چاہیے۔ اے مسلمانو! ہم اور آپ کہاں کامیابی تلاش کر رہے ہیں؟ جب کہ کامیابی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نقش قدم پر چلنے میں ہے، 


آپ کامیابی کہاں کہاں ڈھونڈتے ہیں جبکہ دن میں پانچ دفعہ مؤذن پکارتا ہے ”حی علی الفلاح“ آؤ کامیابی کی طرف، کامیابی یہاں ہے، کامیابی چاہتے ہو تو اللہ کے گھر کی طرف قدم بڑھاؤ اور اللہ کے سامنے سجدہ ریز ہوجاؤ۔ عزیز ساتھیو! ہمیں چاہیے کہ ہم اور آپ اس دنیویی زندگی کو خدا کی طرف سے عطاکردہ نعمت عظمیٰ سمجھتے ہوئے اس کی اطاعت و فرماں برداری میں صرف کریں، اس سے پہلے کہ ہمارے لیے پچھتاوے کا وقت آئے ہمیں چاہیے کہ پکا سچا مؤمن بن کر اپنے آپ کو جنت کا مستحق بنالیں اور دنیا تو ہم سب کے لیے ایک عارضی ٹھکانہ ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad