تازہ ترین

اتوار، 8 مارچ، 2020

دارالعلوم فیض محمدی ہتھیا گڈھ میں جشن تکمیل حفظ قرآن وختم مشکوٰۃ شریف

 آنند نگر مہراج گنج/عبید الرحمن الحسینی(یواین اے نیوز8مارچ2020)دارالعلوم فیض محمدی ہتھیاگڈھ میں ختم مشکوٰۃ شریف وجشن تکمیل حفظ قرآن کی ایک شاندار علمی ونورانی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت ادارہ کے سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض مفتی احسان الحق قاسمی نے انجام دیئے۔ تقریب میں ادارہ کے اساتذہ کرام و جملہ طلبہ کے علاوہ علاقے کے اہل علم حضرات کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر عالیہ اولیٰ و ثانیہ ( جماعت ہفتم عربی)کے ٤٢/ طلبہ پر مشتمل جماعت کومشکوٰٖۃ کی آخری حدیث کے درس کے دوران مذکورہ کتاب کی قد رومنزلت پر روشنی ڈالتے ہوئے سربراہ اعلیٰ وسابق شیخ الحدیث آنند گجرات مولاناقاری محمد طیب قاسمی نے کہا کہ: مشکوۃ شریف فن حدیث میں درس نظامی کی ایسی پہلی کتاب ہے جو کتب حدیث کی جامع ہے، اس کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ عرب وعجم کے بے شمار مدارس ، جامعات اور یونیورسیٹوں میں داخل نصاب ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ حدیث پاک کے ذخیرہ میں مشکوٰۃ شریف کو ایک امتیازی مقام حاصل رہا ہے، ہم نے مانا کہ صحاح ستہ کی فہرست میں وہ شامل نہیں ہے، اس کے باوجود علامہ خطیب تبریزی نے مشکوٰۃ میں صحیح حدیث لانے کا اس قدر پختہ التزام کیا ہے۔

 جس کی نظیر بہت کم ملتی ہے۔سربراہ اعلیٰ نے طلبہ کے سامنے اسماء الرجال اور متن حدیث پر زبردست کلام کیا، اور تشریح حدیث کے دوران کہا کہ جس شخص نے اپنے وارث کا حق ادا نہیں کیا، اور اپنے وارث کے حق کو کسی بھی شکل میں روک لیا، ایسا شخص دنیا وآخرت دونوں میں رسوا اور ناکام ہوگا، اور وہ جنت کی خوشبو بھی نہیں سونگھ پائے گا۔ آپ نے طلبہ کو سنت کی پیروی اور تقویٰ کو اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان علمی طور پر کتنا ہی اعلیٰ مقام حاصل کرلے، حدیث کے متن، اس کی اسناد اور متعلقہ مباحث پر اسے کتنا ہی عبور حاصل ہوجائے، لیکن یہ کتابی علم صرف ایک ظاہری خول ہے، اور اگر اس کے ساتھ عمل کی روح نہ ہوتو اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ علم مچھر کے پر کے برابر بھی وقعت نہیں رکھتا۔دارالعلوم فیض محمدی کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ : وحی متلو وغیر متلو کا کتنا حسین امتزاج ہے کہ اگر ایک طرف دارالعلوم فیض محمدی کے شعبہ حفظ میں زیر تعلیم ٨/طلبہ اپنے استاذ حافظ ذبیح اللہ اور قاری عبد الکریم صاحبان کے روبرو حفظ قرآن کی تکمیل کا شرف حاصل کررہے ہیں، تو وہیں دوسری طرف عالیہ اولیٰ وثانیہ( عربی ہفتم) کے٤٢/ طلباء بانی ادارہ حضرت مولانا قاری محمد طیب قاسمی سے ' مشکوٰۃ شریف ،،کی آخری حدیث پڑھ کر عظیم سعادت سے مالامال بھی ہورہے ہیں۔

دارالعلوم فیض محمدی کے شیخ الحدیث مولانا افضال احمد قاسمی نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ: حدیث پڑھنے کا اصل مقصد یہ ہے کہ ہماری زندگی میں اتباع سنت کا اہتمام پیدا ہو جائے، دھیرے دھیرے ہمارے دلوں میں فضائل اعمال کا شوق بیدار ہو جائے، خدا کا خوف ، آخرت کی فکر ، تعلق مع اللہ اور معاصی سے اجتناب کی فکر ہونے لگے، اللہ اور اسکے رسول کے ساتھ محبت میں اضافہ ہوجائے، اگر حدیث پڑھنے کے دوران یہ چیزیں پیدا نہ ہوئیں، توپھر کتنے علمی مباحث یاد رکھ لئے جائیں، اس سے کوئی فائدہ حاصل ہونے والا نہیں۔اس موقع پر اقرا فاؤنڈیشن کے خزانچی ماسٹر انعام اللہ ادریسی ، ڈاکٹر ولی اللہ ندوی، ڈاکٹر سراج الدی ،ناظم تعلیمات مولانا محمد انتخاب ندوی، ،مولانا ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی، محمد اسلم خان، مولانا وجہ القمر قاسمی ، مولانا محمد صابر نعمانی، مامولانا شکراللہ قاسمی، مولانا ظل الرحمان ندوی، مولانا محمد سعید قاسمی، مولانا محمد یحیٰ ندوی، مولانا ذبیح اللہ ثاقبی، حافظ ذبیح اللہ ، قاری عبد الکریم، حافظ محمد وسیم ، ماسٹر محمد عمر خان ، ملا محمد مسلم ، ، ماسٹر جاوید احمد ، عصب الدین، ماسٹر شمیم احمد، ماسٹر صادق علی، ماسٹر فیض احمد کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad