تازہ ترین

جمعرات، 6 اگست، 2020

النور پبلک اسکول، سنبھل میں چار ماہ کی فیس معافی کا فیصلہ

سنبھل(یو این اے نیوز 6اگست 2020)النور پبلک اسکول (انگلش میڈیم)، سنبھل کی انتظامیہ اور اسٹاف ممبر کی میٹنگ میں طے کیا گیا کہ کورونا وبائی مرض کی وجہ سے عام لوگوں کے اقتصادی حالات خراب ہیں، اس لئے پہلے کواٹر (اپریل سے جون 2020 تک) میں تین ماہ کے بجائے صرف ایک ماہ کی فیس اور دوسرے کواٹر (جولائی سے ستمبر 2020 تک) سے بھی تین ماہ کے بجائے صرف ایک ماہ کی فیس لی جائے گی، یعنی ابتدائی چھ ماہ سے اسکول صرف دو ماہ کی فیس وصول کرے گا۔ تمام ہی بچوں کی آن لائن کلاسیں جاری ہیں اور یہ سلسلہ اسکول کھلنے تک جاری رہے گا ان شاء اللہ۔ ایف اے1 کے امتحانات سمر ویکیشن ہوم ورک کی شکل میں آن لائن منعقد ہوچکے ہیں اور 27 اگست سے 5ستمبر تک ایف اے2 کے امتحانات بھی آن لائن منعقد کئے جائیں گے۔ النور پبلک اسکول کا قیام ایک تحریک کے تحت کیا گیا ہے کہ عصری علوم کے ساتھ بچوں کی دینی تربیت کا خاص انتظام کیا جائے اور غریب طلبہ بھی انگریزی میڈیم اسکول میں تعلیم حاصل کرکے اپنا مستقبل بہتر بناسکیں، اسی لئے فیس بھی کم رکھی گئی ہے

 اور ہر ممکن طلبہ کی مدد بھی کی جاتی ہے۔النور پبلک اسکول کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے کہا کہ یہ بات مسلم ہے آن لائن کلاسیں اسکول کا متبادل نہیں ہوسکتیں، لیکن موجودہ حالات میں آن لائن کلاسوں کے علاوہ کوئی دوسرا اختیار ہمارے پاس نہیں ہے۔ اگر بچے آن لائن کلاسیں نہیں کریں گے تو بچے ہیروسے زیرو بن جائیں گے۔ ڈاکٹر نجیب قاسمی نے اُن بچوں کے والدین سے درخواست کی جن کے پاس اسمارٹ فون مہیا نہیں ہے، کہ وہ گھر پر پڑھائی کا ضرور انتظام کریں تاکہ بچے کسی حد تک تعلیم سے جڑے رہیں ورنہ ان کی صلاحیتیں ختم ہوجائیں گی۔ سمارٹ فون نہ ہونے پر ایف اے2 کے امتحانات کے لئے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ امتحان سے محروم نہ رہ جائے کیونکہ ایف اے1 اور ایف اے2 دونوں امتحانات میں شرکت نہ کرنے والے بچے ششماہی اور سالانہ امتحانات میں شرکت نہیں کرسکتے ہیں۔ اور اسکول کھلنے پر وہی بچے عمدہ کارکردگی پیش کرسکتے ہیں 

جنہوں نے وقت کا فائدہ اٹھاکر آن لائن کلاسوں میں شرکت کی یا ان کے لئے کم از کم گھر پر پڑھائی کا معقول انتظام کیا گیا۔النور پبلک اسکول کے بانی ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے کورونا وبائی مرض کی وجہ سے جہاں دیگر اسکولوں کے ذمہ داروں سے کسی حد تک فیس معاف کرنے کی درخواست کی تاکہ بچوں کے والدین پر بوجھ کم ہو، وہیں دوسری طرف بچوں کے والدین سے بھی فیس کی ادائیگی پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی اپیل کی کیونکہ فیس کی ادائیگی کے بغیر پرائیویٹ اسکولوں کی بقا مشکل ہے، نیز اساتذہ ودیگر اسٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی فیس کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad