تازہ ترین

جمعہ، 8 جنوری، 2021

کانگریس نے جوبائیڈن کی جیت کی توثیق کردی ، ٹرمپ کا پہلی مرتبہ اعترافِ شکست

دبئی ۔(یو این اے نیوز 8 جنوری 2021)امریکی کانگریس نے منتخب صدر جوبائیڈن کی تین نومبر کو منعقدہ صدارتی انتخابات میں جیت کی توثیق کردی ہے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی مرتبہ اپنی شکست کا اعتراف کیا ہے لیکن وہ انتخابی عمل اور نتائج کو تسلیم کرنے سے بدستور انکاری ہے۔



ایوان نمائندگان اور سینٹ میں جمعرات کی صبح جو بائیڈن کی صدارتی انتخاب میں کامیابی کی تصدیق کا عمل چند گھنٹے  کے توقف کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے ان کی انتخابات میں ناکامی پر پرتشدد احتجاج کے دوران کیپٹول ہل پر دھاوا بول دیا تھا جس کے بعدکانگریس کی کارروائی روک دی گئی تھی۔



امریکی نائب صدر مائیک پینس نے نتائج کی تصدیق کے لیے ہر ریاست سے ووٹ دینے والے ارکان کی تعداد پکاری تھی۔


کانگریس نے مشی گن اور ایریزونا ریاستوں کی جانب سے جو بائیڈن کی کامیابی پر اعتراض کو مسترد کر دیا۔ نیز نویڈا ریاست کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض کو بھی سینٹ سے مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کردیا گیا۔ اعتراض واپس لیے جانے کے بعد جارجیا ریاست کے اعتراض کو مسترد کر دیا گیا۔


تشدد کبھی کامیاب نہیں ہوتا!

نائب صدر مائیک پینس نے سیشن کے دوبارہ آغاز کے موقع پر مظاہرین کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں کہا کہ 'آپ جیت نہیں سکے'۔


ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کی صبح وائٹ ہاؤس کے باہر منعقدہ ریلی میں اپنے حامیوں کو کپیٹول ہل کی جانب مارچ کے لیے اکسایا تھا۔



انہوں نے بذات خود اپنا اکثر وقت اوول آفس کے نجی ڈائننگ روم میں ٹی وی پر پرتشدد واقعات دیکھتے ہوئے گزارا تاہم جب عملہ نے ان سے بہت زیادہ اصرار کیا تو وہ ٹویٹ کے ذریعے ردعمل دینے پر مجبور ہو گئے۔


انھوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ میں کپیٹول ہل میں موجود تمام لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ پرامن رہیں، تشدد نہ کریں، ہم قانون کے مطابق چلنے والی پارٹی ہیں اور اس کا احترام کرتے ہیں۔


انہوں نے ویڈیو پیغام میں مظاہرین کو پرامن انداز میں گھر جانے کو کہا کہ ساتھ ساتھ یہ بھی باور کرایا کہ وہ مظاہرین کے مقصد کی حمایت کرتے ہیں۔


دو ہفتے بعد صدر کا منصب سنبھالنے کے لیے تیار منتخب صدر جو بائیڈن نے اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جمہوریت میں اس طرح کے تشدد کی مثال نہیں ملتی اور ان کے اس بیانیے کی کانریس میں موجود ری پبلکنز سمیت تمام قانون دانوں نے حمایت کی۔

۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے ان پٹ کے ساتھ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad