تازہ ترین

ہفتہ، 30 مارچ، 2024

کھیل طلبہ میں نظم وضبط،باہمی تعاون،قوت برداشت اور مستقل مزاجی کا جذبہ پیدا کرتا ہے/پروفیسر اقتدارمحمد خان

 بزم طلبہ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی جانب سے دوروزہ اسپورٹس ڈے کا انعقاد

نئی دہلی(30/مارچ،2024)”کھیل سے طلبہ میں صحت و تندرستی،نظم و ضبط کی پابندی،باہمی تعاون کا جذبہ،مسابقت کی آب یاری اورزندگی کی جدوجہد میں کام یابی اور ناکامی کو برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے،جو کسی بھی ملک اورمعاشرے کی خوش حالی اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔“ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمد خان، صدرشعبہ اسلامک اسٹڈیزوڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیزاینڈ لینگویجز نے نواب منصور علی خاں پٹودی اسپورٹس کامپلکس،جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بزم طلبہ کی جانب سے منعقد ”دوروزہ اسپورٹس ڈے“کے موقع پر کیا۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ ایک صحت مند جسم ہی اچھے دماغ کا متحمل ہوسکتاہے اور اسی صفات کے حامل افراد اپنے ملک و قوم کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔پروفیسر سید شاہد علی،سابق صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے مقابلے میں شریک تمام طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ہارجیت کے نتائج سے بے پرواہ ہو کر”اسپورٹس مین شپ“ کا مظاہر کرنا چاہیے کیوں کہ یہ کھیل ہی ایک کھلاڑی کو برداشت،رواداری،مستقل مزاجی اور کردارسازی سکھاتا ہے۔ابوحنظلہ،اسپورٹس کوآرڈی نیٹر،بزم طلبہ نے بتایا کہ ان دو دنوں میں جامعہ کے مختلف شعبوں کے درمیان رسہ کشی،بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس، دوڑ،لانگ جمپ اوروالی بال وغیرہ کے مقابلے ہوں گے اور فاتحین کو سرٹیفکیٹ،ٹرافیوں سے نوازا جائے گا۔

واضح رہے کہ دوروزہ اسپورٹس ڈے کو حلال پزافن، یونک بیکری اور مشہورجاوید نہاری نے اسپانسر کیا ہے۔اس کے انعقاد میں بزم طلبہ کے مشیر ڈاکٹر خورشید آفاق،نائب صدرابوسالم یحییٰ کے علاوہ محمد شہنواز،ندا پروین،سکینہ خلود،جویریہ عبداللہ،انس قریشی،بلال احمد،عین خان پٹھان،ام رومان،عمیر مسرور،شمس الدین،سیدہ کلثوم،عائشہ پروین،محمد مبشر،دلشاد، علیزہ خان، محمدشرجیل اور صالحین وغیرہ کا اہم کردار رہا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad