تازہ ترین

جمعرات، 6 اگست، 2020

ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کانگریس کی منشاء کے مطابق ہو رہی ہے

الہ آباد:مشتاق عامر(یو این اے نیوز 6اگست 2020) کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایودھیا میں تعمیر ہونے و الا رام مندر اس کی منشا کے مطابق ہی بن رہا ہے۔ کانگریس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ رام مندر کی تعمیر کے لئے سب سے پہلے سنگ بنیاد راجیو گاندھی نے رکھی تھی۔ سینئر کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے الہ آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات  کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس شروع سے ہی ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے حق میں  رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی کوشش شروع سے یہی تھی کہ  رام مندر کی تعمیر دونوں فریقوں کی باہمی رضامندی یا عدالت کے فیصلے کے ذریعے  کرائی جائے۔

پرمود تیواری نے کہا کہ بی جے پی نے  رام مندر  کے نام پر ہمیشہ فرقہ وارانہ  سیاست کی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ  بی جے پی ہر چناؤ کے موقع پر  رام مندر کی تعمیر قانون بنا کر کرنے کا وعدہ کرتی تھی۔ لیکن  اب یہ معاملہ  عدالت کے ذریعے حل ہو گیا ہے۔ پرمود تیواری کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے رام مندر کو ہمیشہ ایک  سیاسی حربے کے طور پر استعمال کیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی اپنے  ہر انتخابی منشور  میں رام مندر کی تعمیر کا ایشو شامل کرتی رہی ہے۔ جبکہ کانگریس نے  رام مندر مسئلے کو ایک غیر سیاسی مسئلہ سمجھا اور اس کو حل کرنے  کے لئے عدالت  کے فیصلے یا آپسی رضا مندی پر زور دیا۔

پرمود تیواری نے یہ  بھی کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر  کا کریڈٹ صرف بی جے پی کو نہیں لینا چاہئے، کیوں کہ رام مندر ملک کے عوام کے عقیدے سے جڑا ہوا معاملہ رہا ہے۔ سبھی پارٹی کے لوگ یہی چاہتے تھے کہ ایودھیا میں را م مندر کی تعمیر ہو لیکن ساتھ ہی اس کا فیصلہ سب کو قابل قبول ہو۔ پرمود تیواری نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ اس موقع پر کانگریس کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتی لیکن ہم یہ واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کانگریس کی منشاء کے عین مطابق ہو رہی ہے۔ رام مندر کے حق میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو ملک کے  سبھی لوگوں نے قبول کیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad