تازہ ترین

جمعرات، 6 اگست، 2020

صحافی انس رحمانی کے انتقال سے اہل علم طبقہ رنجور:علمائے کرام نے ایصال ثواب کے ساتھ تعزیت پیش کی

کشن گنج(یو این اے نیوز 6اگست 2020)صحافی انس رحمانی کے اچانک انتقال کی خبر سے کشن گنج کا اہل علم طبقہ غمگین اور رنجیدہ ہے، علمائے کرام نے ایصال ثواب اور دعاؤں کے ساتھ اظہارِ تعزیت پیش کیا۔مولانا الیاس مخلص صدر جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج نے کہا کہ دور حاضر میں اردو صحافت کی بقا ایک نازک مسئلہ ہے، ایسے میں جو گنے چنے قلم کار ہمارے درمیان ہیں ان کی قدر دانی ہمارا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ انس رحمانی کشن گنج کے ہردلعزیز صحافی تھے جو ملی، سماجی اور سیاسی مسائل کو خوب اچھے انداز میں پیش کیا کرتے تھے، ان کا انتقال کشن گنج حلقے کے لیے کسی خسارے سے کم نہیں۔ مولانا حبیب الرحمان صدر مدرسہ تجوید القرآن ضلع کشن گنج نے کہا کہ انس رحمانی کے انتقال سے دل مغموم ہے، انہیں علمائے کرام سے حد درجہ تعلق اور لگاؤ تھا

سابق ایم، پی مولانا اسرار الحق قاسمی رحمۃ اللہ علیہ سے بھی انہیں بہت عقیدت تھی اور مولانا مرحوم بھی ان سے شفقت کا معاملہ فرمایا کرتے تھے۔ مولانا ابو سالک شہید ندوی مالک اقصٰی ایڈورٹائزنگ کشن گنج نے کہا کہ انس رحمانی بڑے ملنسار اور خلیق صحافی تھے، کشن گنج ہی نہیں، بلکہ پورا سیمانچل انہیں جانتا تھا۔ مولانا آفتاب اظہر صدیقی صوبائی انچارج راشٹریہ علماء کونسل بہار نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ  انس رحمانی جیسا باہنر صحافی اتنی جلد اس دنیا سے رخصت ہوگیا، انس رحمانی ایک ملنسار اور سنجیدہ مزاج صحافی تھے، وقتاً فوقتاً ان سے گفت و شنید رہتی ہی تھی؛ لیکن آج اچانک ان کے انتقال کی خبر نے ہمیں ہلاکر رکھ دیا ہے۔ اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین!

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad