تازہ ترین

اتوار، 16 فروری، 2020

اقامہ کارڈ گم ہونے پر کیا کیا جائے؟

ارسلان ہاشمی۔ ، جدہ،اقامہ وہ دستاویز ہے جو سعودی عرب میں رہنے والے ہر غیر ملکی کو جاری کی جاتی ہے۔ رہائشی پرمٹ کا اجرا محکمۂ امیگریشن و پاسپورٹ (جوازات) کے ذریعے کیا جاتاہے اور اس دستاویز کو عربی زبان میں اقامہ کہا جاتا ہے۔سعودی عرب میں تارکین وطن کے لیے لازمی ہے کہ گھروں سے باہر جاتے وقت اپنے ہمراہ اقامہ لازمی رکھیں بصورت دیگر اقامہ نہ ہونے پر چیکنگ کے وقت انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے اقامہ ساتھ نہ رکھنے پر  قید و جرمانے کی سزائیں مقرر ہیں۔ اقامہ نہ رکھنے والے کے خلاف سال 2018 میں منظور ہونے والے قانون میں کہا گیا ہے کہ ’ایسے افراد پرجو اقامہ ساتھ نہ رکھنے پر گرفتار ہوں انہیں قید و جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔محکمہ پاسپور ٹ (جوازات) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اقامہ وہ قانونی شناخت ہے جو مملکت میں مقیم ہر تارک وطن کو جاری کی جاتی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اقامہ ساتھ نہ ہونے پر قانونی طور پر تین ہزار ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ 

اقامہ کارڈ دراصل وہ شناخت ہے جو قانونی طور پر مقیم کو غیر قانونی افراد سے جدا کرتا ہے اس لیے اس بات کا ہمیشہ خیال رکھا جائے کہ گھر سے باہر نکلتے وقت اقامہ کارڈ آپ کے ہمراہ ہو۔اقامہ کارڈ گم ہوجانے پر اس کے بارے میں فوری طور پر اپنے ادارے کو مطلع کیا جانا لازمی ہے تاکہ وہاں سے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متعلقہ ادارے کو اقامہ کارڈ گم ہونے کی رپورٹ کی جاسکے۔گمشدہ اقامہ کارڈ کی اطلاع محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کو دی جاتی ہے جبکہ ایسے علاقے یا قصبے جہاں جوازات کا ذیلی ادارہ نہیں ہو وہاں پولیس سٹیشن میں رپورٹ کرانا ضروری ہے۔ پولیس سٹیشن پر کی جانے والی رپورٹ کی کاپی اس امر کی دلیل ہوگی کہ آپ قانونی طورپر مملکت میں مقیم ہیں اور آپ کا اقامہ گم ہو چکا ہے۔گمشدہ اقامہ  کارڈ کے بدلے میں دوسرا اقامہ جاری کرانے کے لیے پولیس رپورٹ کے ساتھ غیر ملکی کارکن کو اپنے کفیل کی جانب سے درخواست بھی جمع کرانی ہوتی ہے جس میں اقامہ گم ہونے کے بارے میں اہم معلومات کا ذکر کیا گیا ہو۔تارکین کے اہل خانہ کا اقامہ گم ہونے کی صورت میں درخواست سرپرست کی جانب سے درج کی جائے گی۔ 

درخواست میں اقامہ نمبر اور گم ہونے کے مقام کی بھی نشاندہی کرنا لازمی ہے۔گم شدہ اقامہ کارڈ کی فوٹو کاپی دستیاب ہوتو اسے بھی درخواست کے ساتھ منسلک کیا جا سکتا ہے۔ کارآمد پاسپورٹ اور اس کی کاپی درکار ہوگی۔محکمہ جوازات میں متبادل اقامہ جاری کرانے کے لیے مخصوص درخواست فارم ہے جسے ادارے کے ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ درخواست فارم کے ساتھ سابقہ اقامہ کی کاپی، پاسپورٹ کی کاپی اور سفید بیک گراؤنڈ والی 2 رنگین تصاویر جن کا سائز 4*6 ہو جوازات میں جمع کرانا ضروری ہے۔اقامہ گم ہونے پر جرمانہ ایک ہزار ریال مقرر ہے جسے ادا کرنا لازمی ہے۔ علاوہ ازیں اگر اقامہ کے زائد المعیاد ہونے کی تاریخ یا ایکسپائری ڈیٹ ایک برس یا اس سے کم ہو تو اس کی فیس پانچ سو اضافی ریال ہوگی۔ جرمانہ اور فیس جوازات کے سسٹم میں ادا کرنے کے بعد جوازات کے دفتر سے متبادل اقامہ کاپی حاصل کی جا سکتی ہے۔واضح رہے جوازات یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے چیکنگ کے دوران اصل اقامہ کارڈ دکھانا لازمی ہے۔ اقامہ کارڈ کی فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہوتی خواہ وہ رنگین ہی کیوں نہ بنائی گئی ہو۔بشکریہ اردو نیوز

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad