تازہ ترین

بدھ، 26 فروری، 2020

مولانا ولی اللہ ولی قاسمی بستوی کا انتقال علمی دنیا کا بڑا خسارہ

دیوبند/دانیال خان (یواین اے نیوز26فروری2020)سہارنپور کے معروف دینی ادارہ مظاہر علوم وقف کے استاذ و شاعر اسلام مولانا ولی اللہ ولی قاسمی بستوی کے انتقال کی خبر آنے کے بعد سے دیوبند کی ادبی، علمی، تعلیمی اور سماجی حلقے سخت صدمہ میں ہیں ان کے انتقال کو دیوبند کی ادبی وعلمی شخصیات نے علمی دنیا کا بڑا سانحہ اور ناقابل تلافی خسارہ بتایا ہے۔ جامعہ قاسمیعہ دارالتعلیم والصنعہ دیوبند کے مہتمم مولانا ابراہیم قاسمی نے ولی اللہ ولی قاسمی بستوی کے انتقال پر گہرے صدمہ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ولی اللہ قاسمی بستوی گوناگوں صفات والی شخصیت تھے، ان کے علمی و ادبی کارنامے ہمیشہ یاد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم معروف شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ مظاہر علوم سہارنپورکے با کمال اور کامیاب ترین اساتذہ میں سے تھے، آپ کا درس جامع اور محققانہ ہوتا تھا، زیادہ قیل قال کو پسند نہیںکرتے تھے،سبق کی واضح تشریح کرتے تھے۔ اپنی نجی زندگی میں بھی انتہائی سادہ انسان تھے،صاف گوئی اور ظاہر و باطن کی یکسانیت آپ کا خاص امتیاز تھا۔دارالعلوم فاروقیہ کے مہتمم مولانا نور الہدی قاسمی بستوی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے تمام دینی وعصری اداروں کے ذمہ داران سے ایصال ثواب کا اہتمام کرنے کی گزارش کی۔

 اور کہا کہ تدریس میں انہیں وہ ملکہ اور درک حاصل تھا کہ طلبہ ان کی درس گاہ سے قبل از وقت اٹھنا، یا گھنٹہ ناغہ کرنا متاعِ گراں مایہ کا سلب تصور کرتے۔ ان کا پڑھایا ہوا سبق درس گاہ میں ہی یاد ہو جاتا تھا۔معروف نوجوان شاعرتنویر اجمل دیوبندی نے ولی اللہ قاسمی کی وفات پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انسان تھے، انہوں نے ہمیشہ اپنی شاعری کے توسط سے انسانیت کو بڑے بڑے پیغامات دئیے، موجودہ نسل نو کے لئے ان کی شاعری مشعل راہ ہے۔ وہ ہر وقت ایک ایسی دنیا کا خواب دیکھتے رہے جہاں ظلم وزیادتی کے لئے کوئی جگہ نہ ہو، انہوںنے کہا کہ وہ مولانا ولی بستوی کی شاعری سے زیادہ ان کے حسن اخلاق سے بے حد متاثر تھے۔ ان کی سادہ لوح شخصیت، عام آدمی سے بھی دلفریب مسکراہٹ کے ساتھ ان کی ملاقات کون فراموش کرسکتا ہے، سادگی ان کی سرشت میں شامل تھی۔ اللہ تعالیٰ ان کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان ولواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad