تازہ ترین

پیر، 4 مئی، 2020

بچوں کے ”کچے روزے،، کی اسلام میں اہمیت

لکشمی پور، مہراج گنج( عبید الرحمن الحسینی) مقدس مہینہ ماہ رمضان کا پہلا عشرہ مکمل ہونے والا ہے، ہر شخص اپنی جھولی کو نیکیوں سے بھرنے اور اللہ کو راضی کرنے کے لئے صبح وشام عبادتوں میں مشغول ہے، بڑوں کے ساتھ معصوم بچے بھی نیکیاں کمانے میں پیچھے نہیں ہیں، اس طرح کا بچوں میں دینی رجحان کا پایا جانا یقینی طور پر قابل رشک ہے،  یہ عام مشاہد ہ ہے کہ بڑوں کو صبح سحری اور شام کو افطار کرتا دیکھ کر کم سن بچوں میں بھی روزہ رکھنے کی امنگ جاگ جاتی ہے، ان میں بھی خواہش پیدا ہوتی ہے کہ وہ بھی بڑوں کی طرح روزہ رکھیں، یہ ہم نے مانا کہ ان معصوموں کے روزے ، تھوڑے کچے ضرور ہوتے ہیں ، لیکن بچپن سے روزوں میں شرکت کا احساس مثبت کردار ادا کرتا ہے۔ لیکن بعض گھروں میں دیکھا جاتا ہے کہ والدین بعض اوقات ان کی اس خواہش کو سرے سے پنپنے ہی نہیں دیتے، گرمی اور ان کی کم عمری کو جواز بنا کر روزے سے روکتے ہیں، یہاں تک کہ انہیں سحری اور افطاری میں بھی شریک نہیں کرتے۔ نتیجتاً بچپنے میں روز رکھنے کی عادت نہ ہونے کی وجہ سے ایسے بچے بڑے ہوکر بھی روزہ نہیں رکھ پاتے، یا انہیں روزے شروع کرنے میں کافی دقت ہوتی ہے ۔مذکورہ خیالات کا اظہار دارالعلوم فیض محمدی کے استاذ فقہ جناب ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی نے اپنی سات سالہ ننھی مریم کے پہلی بار پہلا روزہ مکمل کرنے پر کیا۔

آپ نے مزید کہا کہ ایسے معصوم بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے روزہ کشائی کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا جانا چاہئے ، چوں کہ اس تقریب میں بہت سے عزیز واقارب بچے کے ساتھ روزہ افطار کرتے ہیں۔ جس کا مقصد روزہ رکھنے والے بچے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ ساتھ ہی تقریب کے ذریعے دیگر بچوں میں بھی یہ تحریک ہوتی ہے کہ وہ بھی جلد سے جلد روزے رکھنا شروع کریں۔ بچوں کے پہلے روزے کے موقع پر والدین اور گھر کے دیگر بزرگوں کی طرف سے ان کی ہمت بندھانا اور تحائف کا پیش کیا جانا بھی بہت ضروری ہے، جو یقینا اس مبارک ودینی عمل میں بہت ہی کارگر ثابت ہوگا۔

اس موقع پر بچی کے والدین کے علاوہ اس کے دادا محترم محمد مستقیم ، نانا جان محمد معروف حسین، ماما ڈاکٹر محمد نفیس، مولانا قاری محمد طیب قاسمی، مولانا سعدر شید ندوی، مولانا محی الدین قاسمی ندوی، قاری محمد یونس، ڈاکٹر محمد نفیس ، مفتی احسان الحق قاسمی، ماسٹر محمد عمر خان، مولانا وجہ القمر قاسمی، حافظ ذبیح اللہ، مولانا شکراللہ قاسمی ، مولانا محمد صابر نعمانی ، مولانا محمدیحیٰ ندوی وماسٹر جاوید احمد حافظ شجاعت فیض عام چیریٹیبل ٹرسٹ کے جنرل آرگنائزر حافظ عبید الرحمن الحسینی وغیرہم نے دعاوں سے نوازا ہے، اور ا س کے لئے مبارکبادی پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ قارئین سے گذارش ہے کہ بچی کے لئے دعا کریں کہ اللہ پاک مریم بنت اشفاق کے روزے کو شرف قبولیت بخشے اور دنیا سے کورونا جیسی مہلک بیماری کو ختم فرمائے آمین۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad