تازہ ترین

جمعہ، 8 مئی، 2020

کرونا وائرس: روس میں مسلسل چھٹے روز 10 ہزار نئے کیس، جرمنی میں اموات میں اضافہ

روس(یواین اے نیوز8مئی2020)روس میں کرونا وائرس کے بحران سے نمٹنے والے انتظامی مرکز نے جمعے کے روز بتایا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وبائی مرض سے متاثر ہونے والے 10699 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس طرح ملک میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 187859 تک پہنچ گئی ہے۔یہ مسلسل چھٹا روز ہے جب روس میں ایک دن کے اندر 10 ہزار سے زیادہ افراد کرونا سے متاثرہ ہوئے۔ روس میں ایک دن کے اندر سب سے زیادہ 11231 کیسوں کا اندراج جمعرات کے روز ہوا۔علاوہ ازیں روس میں کوویڈ-19 کے سبب مزید 8 افراد فوت ہو گئے۔ اس طرح ملک میں کرونا کے سبب مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1723 ہو چکی ہے۔

دوسری جانب جرمنی میں روبرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے جمعے کے روز جاری اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ ملک میں کرونا کے 1209 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس طرح جرمنی میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 167300 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں مزید 147 افراد موت کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد جرمنی میں کرونا سے مرنے والوں کی کُل تعداد 7266 ہو گئی ہے۔کرونا وائرس پہلی مرتبہ دسمبر 2019 میں چین میں ظاہر ہواتھا۔ اس کے بعد سے لے کر گذشتہ روز جمعرات کی شام تک اس وبائی مرض میں مبتلا ہو کر دنیا بھر میں 263792 افراد موت کی نیند سو چکے ہیں۔

دنیا کے 195 ممالک اور علاقوں میں کرونا سے متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 3766180 ہے۔ یہ تعداد متاثرین کی اصل تعداد کا محض ایک حصہ ہے کیوں کہ نامساعد حالات میں گھرے متعدد ممالک ایسے ہیں جہاں متاثرین کا پتہ چلانے کے لیے کرونا کا ٹیسٹ ہونا باقی ہے۔ دنیا بھر میں اب تک کرونا کے کم از کم 1179700 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے ان پٹ کے ساتھ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad