تازہ ترین

بدھ، 6 مئی، 2020

سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی تعداد 30ہزار سے تجاوز کرگئی۔

سعودی عرب(یو این اے نیوز 6مئی 2020)سعودی عرب میں ایک دن میں کرونا وائرس کا شکار 955 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ مزید 1595 افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمد العبد العالی نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے اب تک کل اموات کی تعداد 200 ہوگئی ہے اور مملکت میں کل مریضوں کی تعداد 30251 ہوگئی ہے۔

انھوں نے منگل کے روز نیوز بریفنگ میں بتایا کہ کرونا وائرس کے نئے تشخیص شدہ کیسوں میں زیادہ ترغیر سعودی ہیں۔ان میں 14 فی صد خواتین ہیں اور 86 فی صد مرد حضرات ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریض تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔البتہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کا دورانیہ مختلف ہے۔ان میں بعض تو چند دنوں ہی میں تن درست ہوجاتے ہیں اور بعض کو ہفتوں لگ جاتے ہیں۔

سعودی وزارت صحت لوگوں پر مسلسل یہ زور دے رہی ہے کہ وہ کرونا سے بچنے کے لیے باہم میل جول یا سماجی روابط میں فاصلہ برقرار رکھیں، رہ نما احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں،وقفے وقفے سے اپنے ہاتھوں کو دھوتے رہیں،مُنھ کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں اور گھروں سے باہر نکلتے وقت چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں۔سعودی حکومت نے مملکت میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعدد پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کی تھیں اور مملکت بھر میں کرفیو نافذ کردیا تھا۔تاہم حکام نے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل شہروں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کردی تھی۔

سعودی حکومت نے شہروں میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا تھا اور13 مئی تک مملکت بھر میں شاپنگ مال اور پرچون فروشوں کو اپنی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔ حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہیں نکلیں اور سرکاری اور نجی مقامات پر بڑی تعداد میں اکٹھے ہونے سے گریز کریں۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی صورت حال کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے اور جہاں بھی کرفیو یا لاک ڈاؤن میں نرمی یا تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوگی تو وہاں ایسا کیا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad