تازہ ترین

جمعہ، 13 نومبر، 2020

حضور اکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخی ناقابل برداشت ہے!

مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس سے مولانا عبد الرحیم رشیدی کا ولولہ انگیز خطاب! 



بنگلور، 13 /نومبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کی عظیم الشان آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس کی چھٹویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی مدظلہ نے فرمایا کہ آج کا یہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے، دنیا کے کسی کونے میں کوئی بات کہی جاتی ہے تو منٹوں بلکہ سیکنڈوں میں پوری دنیا میں پہنچ جاتی ہے۔ بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھے ہوئے لوگ آج نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی شان میں گستاخی کرتے ہیں۔ابھی قریب میں فرانس کے اندر آپ علیہ السلام کے بارے میں نازیبا کلمات کہے گئے اور آپ ؐکے کارٹون بنائے گئے، آخر آپؐ کی ذات گرامی کے ساتھ ایسا معاملہ کیوں؟ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کو وہ مقام و مرتبہ دیا ہے جو کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے،


ہمارے لوگ بھی اسے مانتے ہیں اور بہت سارے لوگ جو ہمارے نبیؐ کو نہیں مانتے وہ بھی ہمارے نبی کے مقام و مرتبہ کو جانتے ہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ دنیا کے انسانوں کی اگر تقسیم کی جائے تو دنیا میں صرف دو ہی قسم کے لوگ ہیں: ایک قسم محمد عربیؐ کو ماننے والوں کی اور دوسری قسم نہ ماننے والوں کی۔ مولانا نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے آپ علیہ السلام کے نام کو قیامت تک کے لیے بلند کردیا، جیسے جیسے دور گزر رہا ہے ویسے ویسے آپکا نام بلند ہو رہا ہے،جسکے نام کو اللہ نے بلند کردیا اسے کوئی نیچے نہیں کر سکتا! مولانا نے فرمایا آپؐ کی سیرت طیبہ دنیا کی جتنی بڑی زبانیں ہیں ساری زبانوں میں موجود ہے، کوئی زبان اس سے خالی نہیں ہے۔ 


ہر ایک کو چاہیے کہ آپؐ کی سیرت کو پڑھے اور آپکی سیرت پر غور کرے۔ اس لیے کہ آپکی سیرتِ طیبہ میں زندگی گزارنے کا طریقہ ہے، انسانوں کے لیے آئیڈیل اور نمونہ ہے۔ مولانا عبد الرحیم رشیدی نے دوٹوک فرمایا کہ آج بڑے عہدوں پر فائز لوگ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم پر کیچڑ اچھالنا چاہتے ہیں یہ تعجب کی بات ہے، کیا یہ لوگ سورج پر تھوکنا چاہتے ہیں؟ سورج پر یہ تھوکیں گے تو تھوک انکے منہ پر ہی گرے گا۔ 


اور یہ بات یاد رکھیں کہ حضور اکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخی ناقابل برداشت ہے۔قابل ذکر ہیکہ مولانا عبد الرحیم رشیدی نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ اطلاعات کے مطابق 14 /نومبر بروز ہفتہ کو رات 9:30 بجے آن لائن عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس سے دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ حضرت مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کشمیری مدظلہ کا خطاب ہوگا، جو مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا! 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad